پاکستان کے کون کون سے شہر سیلاب کی زد میں آنے والے ہیں؟

پاکستان میں مون سون بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالخصوص بڑے شہری مراکز میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جن کے زیر اثر 20 سے 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں پیر کی علی الصبح ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ آئندہ بھی مزید بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 20 سے 23 جولائی کے دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
جنوبی پنجاب میں بھی 20 سے 24 جولائی کے دوران نور پور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 20 سے 23 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بنیر، کوہاٹ، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ہنگو میں آندھی، گرج چمک اور کئی مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں بھی 20 سے 23 جولائی کے دوران ژوب، شیرانی، لورالائی، کوہلو، سبی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار سمیت شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں اگرچہ موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، تاہم 20 سے 24 جولائی کے دوران تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، دادو اور جیکب آباد میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 25 جولائی تک دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل یا موسلادھار بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
