سب سے سست کون؟مقابلہ جیتنے والے 3 لاکھ سے زائد کمائیں گے

یورپ کے جنوبی مشرقی ملک مونٹی نیگرو میں ‘سست ترین شہری’ کا مقابلہ جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مونٹی نیگرو میں ’ سست ترین شہری‘ منتخب کرنے کا مقابلہ دراصل ایک روایت ہے، روایت کو قائم رکھنے کیلئے مقابلے کا انعقاد مونٹی نیگرو کے شمالی گاؤں بریزنا میں گزشتہ ماہ اگست کے وسط سے ہوا تھا جو اب اپنے 26 ویں روز کو پہنچ گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس مقابلے میں 21 افراد نے حصہ لیا تھا جس میں سے اب صرف 7 افراد مقابلے میں موجود ہیں، جیتنے والے شہری کو 1070 امریکی ڈالر ( 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانی روپے)کے نقدی انعام سے نوازا جائے گا۔
مقابلے میں شرکت کرنے والوں کو 24 گھنٹوں میں کھڑے رہنے اور نہ ہی بیٹھنے کی اجازت ہے بلکہ صرف انہیں لیٹے رہ کر اپنے مقابلے کو پورا کرنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شرکا کو مقابلے میں سونے، کھانے پینے، کتابیں پڑھنے اور فون استعمال کرنے کی بھی اجازت ہے، اس کے علاوہ شرکا کو ہر 8 گھنٹوں میں
سے 10 منٹ کیلئے بیت الخلاجانے کی اجازت دی گئی ہے۔
