حریم شاہ کی ویڈیو میں دکھائے پاونڈز کس کے تھے؟

برطانیہ میں مقیم اور تحریک انصاف سے منسلک مقامی راہنما دانیال ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ جن برطانوی پاؤنڈز کے ساتھ حال ہی میں ٹک ٹاکر حریم شاہ نے متنازعہ ویڈیو بنائی تھی وہ دراصل ان کی ملکیت تھے اور حریم یہ پیسے پاکستان سے ساتھ لے کر نہیں آئی تھیں۔ یاد رہے کہ اپنے متنازع بیانات اور ویڈیوز کے ذریعے خبروں میں رہنے والی ٹک ٹاکر سٹار حریم شاہ ایک مرتبہ پھر پاکستانی نظام قانون پر سوالات اُٹھانے کی ویڈیو بنانے پر ایف آئی اے کے ریڈار میں پر ہیں اور ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے نہ تو کوئی سمن ملا ہے اور نہ ہی ادارے کے کسی فرد نے ان سے تاحال کوئی رابطہ کیا۔

دو دن قبل ایف آئی اے کراچی کی سائبر اور منی لانڈرنگ ونگ نے بتایا تھا کہ حریم شاہ کے خلاف رقم کی غیرقانونی منتقلی سے متعلق تفتیش شروع کی تھی۔ اب حریم شاہ نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ ان کیخلاف ایف آئی اے نے تفتیش شروع کر دی جبکہ ان سے نہ تو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے رابطہ کیا، نہ ہی انہیں سمن ملا اور نہ ہی کسی نے فون کر کے انہیں تحقیق سے متعلق بتایا ہے۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ نے برطانیہ میں موجود پاکستانی صحافی مرتضیٰ شاہ کو بتایا کہ وہ تفتیش کیلئے ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرینگی اور یہ کہ انہیں تفتیش سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، وہ کہتی ہیں کہ میں نے کوئی غلط کام ہی نہیں کیا تو ہر ڈرنا کیسا۔

حریم شاہ کے مطابق انہوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ مذاق میں ویڈیو بنائی تھی، اور حقیقت میں نہ تو انہوں نے منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی کبھی ایسا کوئی غیر قانونی کام کیا، یہ تاثر بھی غلط ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہو گئی ہیں، ٹک ٹاکر نے واضح کیا کہ انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ویڈیو میں موجود شخص نے اپنا نام دانیال ملک بتایا اور دعویٰ کیا کہ حریم شاہ نے ان کے ذاتی پاونڈز کے ساتھ ویڈیو بنائی تھی اور وہ یہ پیسے پاکستان سے لے کر نہیں آئی تھیں۔

تاہم چونکہ حریم شاہ کراچی ایئرپورٹ سے پروٹوکول کے ساتھ نکلی تھیں اور ان کا سامان چک نہیں کیا گیا تھا اس لیے انکے اس دعوے پر یقین کرنا سائبر کرائم ونگ کے لیے ممکن نہیں۔ دانیال ملک نے بتایا کہ وہ تحریک انصاف سے منسلک ہیں اور 2018 کے انتخابات میں گجرات کے حلقہ این اے 68 سے الیکشن لڑنے میں بھی دلچسپی رکھتے تھے لیکن چونکہ ان سے ٹکٹ کے عوض ساڑھے تین کروڑ روپے مانگے گئے اس لیے انہوں نے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا۔

کوک سٹوڈیو کا 14 واں سیزن ٹاپ ٹرینڈ کیوں بن گیا

دانیال ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ عمران خان سے بھی مل چکے ہیں اور گجرات کے واحد صادق و امین شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں صادق اور امین ہونے کا دعوی اس لئے کرتا ہوں کہ جب مجھ سے پارٹی قیادت نے ساڑھے تین کروڑ روپے کی رشوت مانگی تو میں نے دینے سے انکار کر دیا۔ دانیال کے مطابق وہ برطانیہ میں منی ٹرانسفر کا قانونی کام کرتے ہیں اور جن پیسوں کے ساتھ حریم شاہ نے ویڈیو بنائی، وہ ان کے تھے، جنہیں بعد ازاں ٹرانسفر کیا گیا اور ان کے پاس رقم کو ٹرانسفر کرنے کے ثبوت موجود ہیں۔

اس سے قبل حریم شاہ کی ہزاروں برطانوی پاؤنڈز کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ٹک ٹاکر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ غیر ملکی کرنسی پاکستان سے لے کر برطانیہ منتقل ہوئی ہیں اور انہیں کسی نے نہیں روکا۔ حریم شاہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے سندھ نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش شروع کرنے کا اعلان کیا تو ٹک ٹاکر نے وضاحتی ویڈیو جاری کی تھی کہ پیسوں سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی

حریم شاہ کی وضاحتی ویڈیو پر ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے ان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت تفتیش کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ دائر کر کے تحقیق شروع کر دی۔ مگر اب حریم شاہ نے کہا ہے کہ ان سے نہ تو ایف آئی اے نے رابطہ کیا، نہ سمن بھیجا، نہ فون کیا جبکہ انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی تفتیش کا علم میڈیا کے ذریعے ہوا۔

Back to top button