موسم سرما میں گیس کی فراہمی : گھریلو اور کمرشل صارفین پہلی، صنعتیں آخری ترجیح میں شامل

حکومت نے موسم سرما میں گیس کی فراہمی کےلیے گھریلو اور کمرشل صارفین کوپہلی جب کہ صنعتوں کو آخری ترجیح میں شامل کردیا ہے۔

وفاقی وزارت توانائی و پیٹرولیم نے گیس کی فراہمی کےلیے ترجیحی آرڈر لسٹ میں ترمیم کرتےہوئے کیپٹیو پاور یونٹس کو گیس کی فراہمی آخری ترجیح میں شامل کردی ہے۔اس سلسلےمیں جاری نوٹی فکیشن کےمطابق صنعتوں کو سی این جی اور سیمنٹ انڈسٹری کےساتھ تیسری اور آخری ترجیح میں شامل کردیا گیاہے۔ اس طرح گیس کی قلت بالخصوص موسم سرما کے دوران گھریلو اور کمرشل صارفین، اسپیشل کمرشل اور پراسیس انڈسٹری کو پہلی، کھاد فیکٹریوں اور پاور سیکٹر کو دوسری اور کیپٹیو پاور سمیت سیمنٹ اور سی این جی کو آخری ترجیح دی جائےگی۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری نےاس ترمیم کو انڈسٹری کی بقا کےلیے خطرہ قراردیتے ہوئے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سے نوٹس لینےکی اپیل کردی ہے۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کےذرائع کا کہنا ہےکہ اس اقدام سے بحرانی کیفیت کا شکار انڈسٹری کی بقا کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہوگا جس سےبرآمدات بھی متاثر ہوں گی۔ٹیکسٹائل انڈسٹری ذرائع کاکہنا ہےکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت، جو ملک کی برآمدات کا 60 فی صد فراہم کرتی ہے،بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت،توانائی کی قلت اور عالمی منڈی کےدباؤ کی وجہ سے تباہی کےخطرے سے دوچارہے۔

ٹیکسٹائل برآمد کنندگان نے خبردار کیا ے کہ پیداواری لاگت میں 30فی صد اضافہ اور برآمدات میں 20فی صد کمی کےباعث صنعت تباہی کے قریب ہےجب کہ 100 ارب روپے کے واجب الادا ریفنڈز کی ادائیگی بھی زیر التوا ہے۔

انڈسٹری نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سےدرخواست کی ہےکہ وہ توانائی کی سبسڈی ($6-7 فی ایم ایم بی ٹی یو گیس، 5-6 روپےفی یونٹ بجلی)، مالیاتی ریلیف (زیر التوا ریفنڈز کی ادائیگی، کسٹم ڈیوٹی میں کمی، خام مال پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ) اور انفرا اسٹرکچر سپورٹ (اپ گریڈ شدہ ٹیکسٹائل پارکس، ٹیسٹنگ لیبارٹریز، لاجسٹکس) کی فراہمی کو جلد سے جلد ممکن بنایاجائے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کےشیئر کو برقرار رکھا جا سکے۔

ٹیکسٹائل صنعت نےفوری اقدامات کامطالبہ کیا ہےتاکہ اس شعبے اور لاکھوں روزگار کو بچایا جا سکے، جس میں توانائی کی قیمتوں میں کمی، کیپٹو پاور کےلیے گیس کی دستیابی، قابل تجدید توانائی کے لیے بلاسود قرضے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنر کی ترقی اور مارکیٹ تک رسائی کےاقدامات شامل ہیں، تاکہ پاکستان کی اقتصادی استحکام اور ترقی کویقینی بنایا جاسکے۔

پاکستان میں معاشی استحکام کی خوش آئند واپسی ہوئی : آئی ایم ایف مشن چیف

Back to top button