2023 میں بالی ووڈ کی کونسی 10 فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں؟

بالی ووڈ میں 2022 تو اپنی تلخ یادوں کے ساتھ گزر گیا، جس میں کئی بڑے بجٹ کی فلمیں فلاپ ہوئیں لیکن نئے سال کا بھرپور آغاز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نئے سال میں ہندی فلم انڈسٹری کے مداحوں کو رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں، ان بڑے بجٹ کی فلموں میں شاہ رخ کی فلم پٹھان پہلے نمبر پر ہے۔ شاہ رخ خان چار سال بعد سینما سکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔ پٹھان کا ٹریلر تو ابھی تک جاری نہیں ہوا تاہم اس کے دو گانے اور کچھ ٹیزر ضرور ریلیز ہوئے ہیں جس سے یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ یہ فلم ایکشن اور سسپنس سے بھرپور ہے، فلم میں شاہ رخ خان جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ 25 جنوری کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، فلم پٹھان کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون اور جان ابراہم شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کی ہے۔ یہ فلم پہلے ہی بھارتی انتہا پسندوں کی مخالفت کی وجہ سے تنازع کا شکار ہو چکی ہے۔

اس برس ریلیز کے لیے تیار ایک اور فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی ہے جو رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی رومانوی کامیڈی نوعیت کی فلم ہے۔ یہ فلم 28 اپریل کو ریلیز کی جائے گی، اس کی خاص بات یہ ہے کہ کرن جوہر 7 سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی فلم بطور ہدایت کار بنا رہے ہیں۔ فلم کی کہانی شمالی انڈیا سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور جنوبی انڈیا سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی کہانی ہے، فلم راؤکی اور رانی کی پریم کہانی کی کاسٹ میں دھرمیندر، جیا بچن اور شبانہ اعظمی بھی شامل ہیں۔

اس برس ریلیز ہونے والے ایک اور فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ بالی وُڈ سپرسٹار سلمان خان کی فلم ہے جو کہ 2023 میں عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کا پہلے نام کبھی عید کبھی دیوالی رکھا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کرکے کسی کا بھائی کسی کی جان رکھ دیا گیا، سلمان خان کی اس فلم کا ابھی پوسٹر ریلیز کیا گیا ہے، فلم کی ہدایت کاری فرہاد سمجی نے کی ہے جبکہ سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے اور شہناز گِل شامل ہیں۔

اس برس ریلیز ہونے والی ایک اور فلم شہزادہ 2019 میں ریلیز کی گئی جنوبی انڈیا کے سپرسٹار اَلو ارجن کی فلم تیلیگو فلم ’الا وائکنتھاپرمالو‘ کا ریمیک ہے، شہزادہ، کارتک آریان اور کریتی سینن کی ایک ساتھ دوسری فلم ہوگی، اس سے پہلے کارتک اور کریتی 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لکا چھپی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، یہ فلم 10 فروری کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

‘تو جھوٹی میں مکار’ نامی ایک اور فلم 8 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے۔ رومانوی لیکن مزاحیہ نوعیت کی اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور کے ساتھ شردھا کپور شامل ہیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ رنبیر کپور اور شردھا کپور کسی بھی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ 2023 میں رنبیر کپور ایک اور فلم میں بھی نظر آئیں گے جس کا نام ‘اینیمل’ ہے، فلم ’اینیمل‘ کا پوسٹر یکم جنوری کو ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ریلیز کیا گیا، اینیمل کے پوسٹر میں رنبیر کپور ہاتھ میں سگریٹ سلگائے اور بغل میں خون آلود کلہاڑا دبائے بکھرے بالوں کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔یہ فلم 11 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔اس کی کاسٹ میں رشمیکا مندنا، انیل کپور اور بوبی دیول شامل ہیں۔فلم جوان جنوبی انڈیا اور بالی وُڈ کا امتزاج ہے، شاہ رخ خان کی جنوبی انڈیا کے ہدایت کار ایٹلی کمار کے ساتھ کوئی پہلی فلم ہوگی،

2 جون کو ریلیز ہونے والی فلم جوان میں شاہ رخ خان کے ساتھ جنوبی انڈیا کی اداکارہ نیانتھرا مرکزی کردار ادا کریں گی۔ ادی پوروش ہندو مذہب کے تاریخی واقعے رامائن پر مبنی فلم ہے، فلم ادی پوروش 16 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، فلم کی کاسٹ میں پربھاس، کریتی سینن، سیف علی خان شامل ہیں، ڈنکی 2023 میں ریلیز ہونے والی ایک اور بڑی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان کی بطور ہیرو جلوہ گر ہیں۔ یہ فلم شاہ رخ خان کی ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے ساتھ پہلی فلم ہوگی، فلم کی کہانی انڈیا سے غیر قانونی طور پر امریکہ اور کینیڈا جانے والے طریقے ’ڈنکی‘ پر مبنی ہے۔ ٹائیگر 3 سلمان خان کی معروف فلم فرنچائز ’ٹائیگر‘ کا تیسرا سیکوئیل ہے۔ 2012 میں اس فرنچائز کی پہلی بلاک بسٹر فلم ’اِک تھا ٹائیگر‘ ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز ہوئی تھی جو کہ بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ رواں سال دیوالی پر ریلیز ہونے والی ٹائیگر 3 میں سلمان خان انڈین ایجنسی را کے ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے جبکہ ان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کترینہ کیف نظر آئیں گی، اس فلم میں عمران ہاشمی بھی ہوں گے جبکہ علی عباس ظفر اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔

ہم جنس پرستی پر پاکستانی فلم کے آسکر جیتنے کا امکان

Back to top button