جوان اور حسین نظر آنے کی دوڑ میں پاگل اداکارائیں

کبھی آپ نے سوچا ہے کہ آج کل ادھیڑ عمر اداکارائیں بھی اپنی جوانی سے زیادہ فریش اور حسین کیسے نظر آتی ہیں؟ اس کی وجہ پوری دنیا میں رائج وہ میک اپ ٹرینڈ ہے جس نے عام عورت کو بھی جوان اور حسین بنا دیا ہے کیونکہ اب میک اوور میں بالی ووڈ ہی نہیں لالی ووڈ کی اداکاراؤں کا بھی کوئی جوڑ نہیں۔ انھیں نہ صرف کاسمیٹکس کی جانکاری ہے بلکہ عام برانڈز سے لے کر ہائی برانڈز تک کو استعمال کرنے کا ہنر آتا ہے۔ یقین نہ آئے تو ان اداکاراؤں کے میک اپ ٹوٹوریل دیکھ لیں، ہر اداکارہ ایک سے ایک بڑھ کر میک اپ کرتی بلکہ سکھاتی نظر آئے گی۔ میک اپ ٹوٹوریل بنانے کے شوق میں یا جوان اور حسین نظر آنے کی اس دوڑ میں ادھیڑ عمر ہی نہیں نوجوان اداکارائیں بھی اپنی پوری انرجی کے ساتھ گھنٹوں کیمرے کے سامنے بیٹھی رہتی ہیں۔
دراصل میک اپ ٹوٹوریل کا یہ ٹرینڈ ہالی ووڈ سے شروع ہوا تھا، وہاں سے انڈیا آیا اور یہاں ہر دوسری پاکستانی اداکارہ اپنی میک اپ یا سکن کیئر روٹین شیئر کرتی نظر آتی ہے۔ انڈیا میں مادھوری ڈکشٹ، کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکون، کرینہ کپور، پریانیکا چوپڑا، عالیہ بھٹ اور سونم کپور کے میک اپ ٹوٹوریل کافی ہٹ ہیں جبکہ پاکستان میں نادیہ خان، شگفتہ اعجاز، سعدیہ امام، صبا فیصل، فاطمہ آفندی، کومل میر، سارہ خان، عائشہ عمر، فضا علی، اریبہ حبیب، کنزیٰ ہاشمی، ہانیہ عامر، منشا پاشا، ایمن خان، زویا ناصر، یمنیٰ زیدی، صبور علی ”پارٹی ہو رہی ہے“ فیم دانانیر مبین اور تو اور ماہرہ خان بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت جدید ٹیکنیکس، گرافکس اور ہائی اینڈ پروڈکشن کے علاوہ اداکاراؤں کے ڈریسز، اور نو میک اپ لُک جیسے چہروں سے بھی فلموں یا ڈراموں پر حقیقت کا گماں ہوتا ہے۔
پرانی فلموں اور ٹی وی ڈراموں کے شوقین یہ بات ضرور جانتے ہوں گے کہ اس دور کی اداکاراؤں کا میک اپ تقریباً یکساں ہوتا تھا۔ گلوسی لپ سٹک، بھرا ہوا کاجل اور پاؤڈر اس کے نمایاں ٹول ہوتے اور باقی رہا ہیئر سٹائل، تو بڑا سا جوڑا، بل کھاتی چوٹی، لمبی سیدھی گھنیری زلفیں یا شارٹ کٹ۔۔ تھوڑے بہت ردوبدل کے ساتھ نائنٹیز تک کچھ ایسا ہی انداز دیکھنے کو ملا بلکہ اکثر تو فیک یا لوڈڈ میک اپ سے اچھے بھلے چہرے عمر رسیدہ لگتے۔ اس دور میں گنتی کے میک اپ آرٹسٹس کو یہ کمال حاصل تھا کہ وہ جس اداکارہ کا میک اپ کرتے، اس کا سٹائل اس کی پہچان بنا دیتے۔ یہاں تک کہ عام عورتیں بھی انہی کو کاپی کرتیں لیکن بیس کی دہائی نے تو جیسے میک اپ کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔ کاسیٹکس بنانے والی کمپنیوں نے جدید تکنیکس کا سہارا لے کر ایسی ایسی پراڈکٹس مارکیٹ کیں کہ اصل کا گماں ہونے لگا۔ آئی بروز، پلکیں، ناخن، بالوں کی ایکسٹینشنز، سب اتنی مہارت سے ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے کہ اصلی اور نقلی کا فرق مٹ جاتا ہے۔ آج کل آرگینک کاسمیٹکس کا بھی بہت چرچا ہے۔ یوں سمجھ لیں کہ سکن کیئر کے دیسی ٹوٹکوں کو بوتلوں یا شیشیوں میں بند کر دیا گیا ہے اور ہماری اکثر اداکارائیں اپنے اپنے ٹوٹوریل میں یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کی جوان اور حسین جلد کا راز ان کی روزمرہ سکن کیئر روٹین ہے جس میں وہ مختلف آرگینک پراڈکٹس استعمال کرتی ہیں۔ ویسے تو اداکاراؤں میں بوٹوکس اور فِلرز کا رجحان بھی عام ہے لیکن اس کی تشہیر نہیں ہوتی!