سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور پر مسلسل تنقید کیوں؟

بھارتی فلم انڈسٹری پر ایک عرصہ تک راج کرنیوالی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور بالی ووڈ میں اقربا پروری کے طعنے سن کر اکتا گئی ہیں، ایکطرف والدہ کی شہرت کا سایہ ہر وقت ان کے ساتھ رہتا ہے تو دوسری طرف معروف فلمساز کرن جوہر کا لیبل لگنے سے وہ اور بھی زیادہ تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ اداکارہ جھانوی کپور کا کہنا ہے کہ انہیں فلمساز کرن جوہر فلموں میں لائے تھے، اس لئے سب ان سے آسانی سے نفرت کرتے ہیں، اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ لوگ اُن سے اس لئے آسانی سے نفرت کرلیتے ہیں کہ کیونکہ انہیں کرن جوہر نے فلموں میں لانچ کیا تھا تاہم انہیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کرن جوہر اپنے دھرما پروڈکشن سے کئی بالی ووڈ اداکاروں کے بچوں کو اپنی فلموں میں لانچ کر کے انہیں سُپر سٹارز بنا چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اقربا پروری کو بڑھانے والے ہدایتکار اور پروڈیوسر کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اسی لیے جھانوی کپور پر بھی اقربا پروری کے تحت انڈسٹری میں آنے کا الزام لگایا جاتا ہے اور یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بجائے سری دیوی کی بیٹی ہونے کی وجہ سے فلموں میں آئی ہیں۔ جھانوی کپور کہتی ہیں کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ دھرما ایک مشہور پروڈکشن ہاؤس ہے اور جس قدر تجسس اور پہنچ دھرما کی ہے اور جتنا یہ عوام میں دلچسپی پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے، شاید اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، اسی لیے بھی ایک دباؤ ہوتا ہے اور اسی لیے نفرت کیے جانے کا بھی آسان ہدف ہوں۔
یاد رہے کہ کرن جوہر نے 2018 میں بطورِ پروڈیوسر جھانوی کپور کو فلم ’دھڑک ‘ میں لانچ کیا تھا اورحال ہی میں ان کی فلم ’مِلی‘ ریلیز ہوئی ہے جس کی سینما گھروں میں نمائش جاری ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ جھانوی کپور نے 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دی کارگل گرل‘‘ کیئے فلم فیئر ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کی تھی، اداکارہ اب تک کئی فلموں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں گھوسٹ سیریز، روحی، گٹ لک جیری، ملی، بوال، مسٹر اینڈ مسز ماہی شامل ہیں۔
اداکارہ اب تک بہترین ڈیبیو پر ذی سنے ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں جبکہ جھانوی کپور فلم فیئر ایوارڈ کے دوران بہترین اداکارہ، آئیفا ایوارڈز میں بہترین ڈیبیو فی میل اور فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کی نامزدگی حاصل کر چکی ہیں۔
