آئی جی سندھ کیلئے مزید دو نام وفاق کو ارسال

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کو بتایا کہ آئی جی سندھ کے تقرر کے لیے مزید دو ناموں، ثنا اللہ عباسی اور انعام غنی، کی سمری ارسال کردی گئی ہے۔
سندھ کابینہ کا اجلاس سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت نیو سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے آئی جی پولیس کے تقریر کے لیے مزید دو نام بھیجنے کی درخواست کی گئی تھی۔صوبائی پولیس چیف کے عہدے کے لیے بھیجے مزید 2 ناموں کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے پاس کُل 5 افسران کے نام بھیجے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان تناؤ جاری ہے اور آئی جی سندھ پر اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے سندھ کابینہ نے 15 جنوری 2020 کو انہیں عہدے سے ہٹانے اور ان کی خدمات وفاق کو واپس دینے کی منظوری دے دی تھی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان کے دور میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی اور ساتھ ساتھ سندھ پولیس کے سربراہ پر حکومت کے احکامات نہ ماننے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کا جواب آنے تک صوبے کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کلیم امام کو ہٹانے سے روک دیا۔
