اداکاراؤں کے مسترد ہونے کے بعد ’ڈائن‘ کا کردار ملا

مقبول ڈرامے ’بیلا پور کی ڈائن‘ میں ڈائن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ امر خان نے کہا ہے کہ بڑی اور معروف اداکاراؤں کی جانب سے کردار کو مسترد کیے جانے کے بعد انہیں مذکورہ کردار کی پیش کش کی گئی تھی۔
’بیلا پور ڈائن‘ کو 2018 کے وسط سے 2019 کے اختتام تک ’ہم ٹی وی‘ پر نشر کیا گیا تھا، مذکورہ ڈرامے میں امر خان نے ’ڈائن‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
ڈرامے میں ’ڈائن‘ کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حال ہی میں امر خان نے ’ٹو بی آنیسٹ‘ شو میں بات کی اور بتایا کہ ان سے قبل مذکورہ کردار کے لیے بڑی اور معروف اداکاراؤں سے رابطے کیے گئے تھے۔
امر خان نے بتایا کہ ہدایت کار صیفی حسن کی جانب سے پیش کش کیے جانے پر انہوں نے ’ڈائن‘ کا کردار قبول کیا۔
امر خان نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ ’ڈائن‘ کے کردار کو نبھانے کی پیش کش تقریباً تمام بڑی اداکاراؤں نے مسترد کردی تھی، جس کے بعد ڈرامے کی ٹیم نے نئے چہرے کو تلاش کیا اور انہیں پیش کش کی گئی۔
امر خان نے دعویٰ کیا کہ ’ڈائن‘ کا کردار ادا کرنے کے بعد اب تک لوگ سوشل میڈیا پر کمنٹس میں انہیں ’خوبرو و پرکشش ڈائن‘ قرار دیتے رہتے ہیں اور وہ خوش ہیں کہ لوگ انہیں خوبصورت ڈائن کہتے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں امر خان نے واضح کیا کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ وہ عامر لیاقت کے ساتھ فلم کرنا چاہتی ہیں۔
ٹی وی سے فلموں میں اداکاری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کے لیے بڑی محنت کرنی پڑی اور تین سال کی محنت کے بعد انہیں اچھی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔
