اداکارہ عائزہ خان کا ایوارڈ شو میں رونا کیوں نکل گیا؟

کینیڈا میں ہم ٹی وی کے ایوارڈز شو میں شرکت کرنے والی پاکستانی اداکارہ عائزہ خان بہترین ایکٹرس کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے رو پڑیں، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے عائزہ خوشی پر قابو نہ رکھ سکیں۔
انہوں نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ شاید تھوڑا مشکل ہو رہا ہے کام کرنا تو میں کام چھوڑ دیتی ہوں، پھر میں اپنا گھر وغیرہ دیکھتی ہوں، لیکن جب آپ لوگ مجھے ایوارڈ دے دیتے ہیں تو پھر مجھ میں دوبارہ سے کام کرنے کے لئے ہمت اور حوصلہ آجاتا ہے، لہذا میں میں ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہاں تک پہنچایا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور ترین ڈرامہ سیریز ‘میرے پاس تم ہو’ جیسے ہٹ ڈرامے میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی عائزہ خان رواں سال اپنے مزاحیہ ڈرامے چُپکے چُپکے میں بھی بے حد پسند کی گئی تھیں اور ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔ میرے پاس تم ہو میں عائزہ خان نے ہمایوں سعید کی بے وفا بیوی کا کردار ادا کیا تھا جو اپنے شوہر اور بچے کو چھوڑ کر باس کے ساتھ چلی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ ہم ایوارڈز کی تقریب کینیڈا میں رکھی گئی تھی جس میں سینکڑوں پاکستانی آواز سٹارز نے شرکت کی اور ایوارڈز وصول کئے۔ عائزہ خان معروف ٹی وی اداکار دانش تیمور کی اہلیہ ہیں اور دونوں کے دو بچے بھی ہیں۔ عائزہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ میری خواہش تھی کہ میری شادی ایک ایسے لڑکے سے ہو جو ہیرو ہو اور دنیا کی ساری لڑکیاں اس پر مریں، پھر سچ مچ میری شادی ایک ایسے لڑکے سے ہوگئی جو ہیرو تھا اس لیے اب میں چاہتی ہوں کہ لڑکیاں دانش پر مریں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب میں دانش کو گھر سے تیار کر کے بھیجتی ہوں اور چاہتی ہوں کہ لڑکیاں اس پر مریں اور دانش مجھ پر مرتا رہے۔ عائزہ خان اور دانش تیمور 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کی زندگی کی گاڑی کامیابی سے چل رہی ہے۔
