گلوکاری کے بعد اداکاری میں خود کو منوانے والے عاطف اسلم


سالہا سال کی محنت اور جدوجہد کے بعد اپنا نام بنانے والے معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم آج ایک برینڈ ہیں جو تسلیم کرتے ہیں کہ سٹار بننا آسان ہوتا ہے لیکن سٹارڈم برقرار رکھنا کافی مشکل کام ہے۔ عاطف اسلم بلاشبہ ملک کے مہنگے اور مالدار ترین سنگرز میں شمار ہوتے ہیں۔ لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں رہائش پذیر 40 سالہ عاطف اسلم قیمتی گاڑیوں کے مالک ہیں اور سال میں دو مرتبہ چھٹیاں گزارنے بیرون ملک بھی جاتے ہیں۔ دنیا بھر میں عاطف اسلم کے فینز کی تعداد لاکھوں میں ہے اور لڑکیاں تو انکی دیوانی ہیں۔ لیکن بیوی کے علاوہ عاطف کی کوئی گرل فرینڈ نہیں۔ شادی سے پہلے سارہ نے اپنے ہونے والے شوہر عاطف سے پوچھا تھا کہ آپ کی کوئی گرل فرینڈ تو نہیں؟ اس پر عاطف نے نیگیٹو میں جواب دیا تھا جو بعد میں سچ ثابت ہوا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عاطف اسلم نے ہنستے ہوئے بتایا کہ تب میری کوئی گرل فرینڈ ہوتی بھی تو میں کہتا کہ نہیں ہے۔ خیر اب تو شادی کو دس سال ہو گئے ہیں اور ان کے دو کیوٹ سے بیٹے بھی ہیں۔ عاطف نے ایک اور راز سے پردہ اٹھایا کہ اگر سارہ ان سے نہ ملتیں تو شاید وہ کبھی شادی نہ کرتے۔ عاطف سنگر تو کمال کے ہیں ہی، آج کل ان کی ایکٹنگ کے بھی بہت چرچے ہیں اور اس کی وجہ حال ہی میں ان کا آن ایئر ہونے والا ڈرامہ سنگِ ماہ ہے جس میں انھوں نے نعمان اعجاز کے مدِمقابل ہلمند کا رول نبھایا۔ ناقدین کا خیال ہے کہ وہ ہلمند کا کردار ادا کرتے ہوئے نعمان اعجاز جیسے منجھے ہوئے اداکار سے کم نہیں تھے۔ سنگِ ماہ سے قبل عاطف اگرچہ فلم بول میں ایک چھوٹا سا رول کر چکے تھے لیکن اس ڈرامے میں وہ اپنی ایکٹنگ سکلز کو باقاعدہ آزمانا چاہتے تھے۔ عاطف اسلم کے بقول ہلمند کا کیریکٹر ویسے بھی میری پرسنیلٹی سے ملتا جلتا تھا۔ میں نے جب یہ سکرپٹ پڑھا تو مجھے لگا کہ یہ تو میرے جیسا ہی سر پِھرا کردار ہے جو شاعری میں باتیں کرتا ہے، جس کی اپنی ہی فلاسفی ہے، ہاں مگر وہ ہلمند کی طرح وحشی ہرگز نہیں۔عاطف کے اس ڈرامے کو ان کے انڈین فینز نے بھی بہت سراہا ہے۔

اپنی آواز سے دنیا کو دیوانہ بنانے والے عاطف اسلم اپنی پہلی البم جل پری کے آج بھی دیوانے ہیں۔ اپنے 17 سالہ کیریئر میں انھوں نے ٹی وی سے لے کر کوک سٹوڈیوز تک بےشمار کام کیا لیکن وہ کبھی بھی اللہ کا شکر ادا کرنا نہیں بھولتے۔ کووِڈ کے دنوں میں تو وہ اللہ کے کچھ زیادہ ہی قریب ہو گئے۔ انھوں نے اپنی خوبصورت آواز میں اللہ کے 99 نام ریکارڈ کروائے، اسکے علاوہ انہوں نے اذان بھی ریکارڈ کروائی۔ عاطف میں روحانیت کا ایلیمنٹ کتنا ہے؟ اس کا اندازہ تاجدارِ حرم۔۔سننے والوں کو بخوبی ہوگا، جسے وہ باوضو گاتے ہیں، اکثر جوتے بھی اتار دیتے ہیں۔ عاطف کہتے ہیں کہ بیچنے کو تو آپ کچھ بھی بیچ سکتے ہیں لیکن تاجدارِ حرم سے میں لوگوں میں روحانیت واپس لایا ہوں۔ ویسٹ انڈیز، امریکہ، یورپ، آسٹریلیا، ملائشیا، فجی، دنیا میں ہر جگہ تاجدارِ حرم سے آج بھی سماں بندھ جاتا ہے۔ ایک کے بعد ایک البم، بالی ووڈ ہِٹس اور قوالی کے بعد عاطف ریپ کی طرف بھی آئے۔ سجن دسنا، کرکٹ کھڈایئے، رات، اجنبی۔۔ عاطف اسلم جو بھی میوزک کرتے ہیں، اپنی ذات کے لئے کرتے ہیں اور ان کا یہی سٹائل بِکتا ہے۔ انڈین میوزک ڈائریکٹر بھی اپنا میوزک دینے کے بعد عاطف سے فرمائش کرتے کہ اب وہ اپنے سٹائل میں گائے۔ بہت سارے لوگ نہیں جانتے کہ عاطف کو انڈیا میں فلم کی آفر بھی ہوئی تھی، لیکن وہ شکر کرتے ہیں کہ انھوں نے وہ فلم سائن نہیں کی کیونکہ وہی کردار بعد میں سیریل کسر کہلانے والے اداکار عمران ہاشمی نے ادا کیا تھا۔

Back to top button