اداکار بہروزسبزواری اپنے ہی ڈرامے کیخلاف کیوں ہوگئے؟

شوبز انڈسٹری میں یہ بہت کم دیکھنے میں آتا ہے کہ کوئی شخص اپنے ہی پراجیکٹ سے خوش نہ ہو، اداکارہ بہروز سبزواری بھی آج کل ایسی ہی کیفیت کا شکار ہیں جو کہتے ہیں ڈرامہ سیریل ’’چاند تارا‘‘ ان کی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔
انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں بہروز سبزواری ’چاند تارا‘ پر تنقید کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سینئر اداکار کہتے ہیں کہ ’وہ جو گھر ہے، اُس میں ہر وقت جنگل بنا رہتا ہے۔ میں معافی چاہتا ہوں، میرا ڈرامہ ہے لیکن میں اس کے خلاف ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کامیڈی ہو، لیکن کامیڈی ہو نا یار، اب تو بزرگ بھی روک دیتے ہیں کیا ہو رہا ہے، شور کیوں ہو رہا ہے، دیکھیں جوائںٹ فیملی سسٹم ہو لیکن جوائںٹ فیملی سسٹم یہ نا ہو کہ زندگی عذاب ہو جائے۔
ڈرامے کے مرکزی خیال کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہ بولے کہ ’اچھا جو اس کا (ڈرامے کا) مرکزی خیال ہے وہ یہ ہے کہ میاں یا بیوی یا دونوں میں سے کوئی ڈاکٹر ہے، انجینیئر ہے، دونوں ورکنگ کلاس ہیں، وہ بہت مشکل ہے ان دونوں کے لیے، یہ بڑی اچھی بتائی ہے، اسے ہماری نئی نسل کو سمجھنا چاہئے۔‘
’انہیں سمجھنا چاہیے کہ بیوی کی بھی مصروفیت ہے، اچھا بیوی کی مصروفیت ہسپتال میں تو ہے، گھر میں بھی اس کو مصروف اتنا کر دیا ہے، تو وہ میاں کو وقت نہیں دے رہی، مجھے تھوڑی سا یہ غیر روایتی لگا، حقیقت پر مبنی نہیں لگا، دیکھیں میں برائی نہیں کر رہا لیکن جو سچ ہے وہ سچ ہے۔چاند تارا میں اداکارہ عائزہ خان ڈاکٹر کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر دانش تیمور سافٹ ویئر اینجینئر ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی صارم نامی ایک سافٹ ویئر انجینئر (دانش تیمور) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی جوائنٹ فیملی سے تنگ ہے اور اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق جینا چاہتا ہے جبکہ دوسری طرف اس کی ملاقات ڈاکٹر نین تارا (عائزہ خان) سے ہوتی ہے جو فیملی کے ساتھ رہنے کو فوقیت دیتی ہے اور اپنی والدہ کے کافی قریب ہوتی ہے کیونکہ گھر کے علاوہ ہسپتال میں بھی دونوں اکٹھے ہی ہوتے ہیں۔
ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں عائزہ خان، دانش تیمور، دانش نواز، بہروز سبزواری، صبا فیصل اور عاشر وجاہت شامل ہیں جبکہ اس ڈرامے کو معروف رائٹر صائمہ اکرم چودھری نے لکھا ہے اور اس کی ہدایتکاری دانش نواز نے کی ہے۔

Back to top button