اسرائیلی فوج کی بمباری،6بچوں سمیت32 فلسطینی شہید،200زخمی

اسرائیلی فوج کی فلسطین پر وحشیانہ بمباری دوسرے روز بھی جاری رہی، تازہ کارروائی میں چھ بچوں سمیت 32 افراد شہید، دو روز میں دو سو سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی مسلسل دوسرے روز بمباری جاری ہے، دوسرے روز اسرائیل کی جانب سے مہاجر کیمپ پر راکٹ فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 بچے اور ایک خاتون شہید ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں صیہونی فورسز نے مظلوم فلسطینوں پر بربریت کی انتہا کر دی۔ رات گئے کارروائی میں اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیہ رفیوجی کیمپ کو نشانہ بنا ڈالا، جھڑپیں جمعہ کے روز اس وقت شروع ہوئیں جب صیہونی فورسز نے اسلامک جہاد کے سینئر کمانڈر کوشہید اور درجنوں گھروں کو میزائل مار کر تباہ کیا۔ جابر اسرائیلی فوج نے ظالمانہ کارروائی کو آپریشن "بریکنگ ڈان” کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ کارروائی ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔

وزارت صحت فلسطین نے بتایاکہ اسرائیلی کی تازہ کارروائیوں اور حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ادھر متحدہ عرب امارات، فرانس، چین اور دیگر ممالک نےغزہ میں پیشرفت پر بحث کیلئے کل سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلانے کی درخواست کردی ہے۔

دوسری جانب اسلامی جہاد تحریک کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے تل ابیب، اشدود، عسقلان اور سدیروت پر بڑے پیمانے پر راکٹ حملے کیے اور اپنے بیان میں کہا کہ جنگ ابھی شروع ہوئی ہے۔

دریں اثنا گزشتہ روز اسرائیل کی غزہ پر بمباری سے 5 سالہ بچی سمیت 15 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

Back to top button