انوشے نے منگنی کے بعد شادی کا ارادہ تبدیل کیوں کیا؟

اداکارہ و ماڈل انوشے اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ زندگی میں شادی شدہ زندگی شروع کرنے کی کوشش کی تھی جس کیلئے منگنی بھی کر لی تھی لیکن پھر شادی کا ارادہ تبدیل کر لیا تھا۔

انوشے اشرف حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں شروع سے ہی اداکاری کرنے کا شوق نہیں تھا، اس لیے وہ ٹی وی سکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے دلیل دی کہ چونکہ وہ اداکارہ نہیں ہے، اس لیے انہیں معروف لکھاری کے ساتھ کام کرنے میں انکار سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا،  مزاحیہ انداز میں کہا کہ ماضی میں وہ 50 لاکھ روپے کے عوض بھی خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں تھیں، لیکن اب انہیں ایک کروڑ روپے سے زائد کی پیش کش کی جائے گی تو وہ ضرور سوچیں گی۔

انوشے نے انکشاف کیا کہ جیسے ہی ان کی عمر 18 سال ہوئی تو والد نے انہیں ملازمت کرنے کا کہا تاکہ وہ خود مختار بن سکیں۔ واضح کیا کہ ان کی مزید دو بہنیں ہیں اور انہوں نے انگریزی ادب میں بیچلرز تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ عید کے دن انہیں ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے فون کیا تھا لیکن وہ ان کی کال نہیں اٹھا پائی تھیں اور بعد ازاں اداکار نے انہیں ویڈیو پیغام بھیجا تھا، ارطغرل غازی کے اداکار نے ان کے ایک ترک دوست سے اداکارہ کا نمبر لیا اور انہیں ویڈیو پیغام بھیجا، جس کے بعد ان کے درمیان بھی اچھی دوستی ہوگئی۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ماڈل نے کہا کہ ان کی نظر میں شادی اور تعلقات کے لیے مرد اور خاتون کے عمر کے درمیان فرق کی کوئی اہمیت نہیں، البتہ ذہنیت ایک جیسی ہونی چاہئے۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مرد آپ سے 15 سال کم عمر ہے یا پھر 15 سال زائد العمر ہے، اصل بات خیالات اور ذہنیت کی ہوتی ہے۔

انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے لیے صرف اور صرف اپنے شریک حیات میں ایک چیز دیکھنا چاہتی ہیں کہ وہ ان کی ذہنیت جیسا شخص ہو، یعنی دونوں کے خیالات ایک جیسے ہونے چاہئیں اور مرد خاتون کو اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دے۔

اداکارہ نے اب تک شادی نہ کرنے کے سوال پر مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں شادی کرنے کی کوشش کی تھی، یہاں تک کہ انہوں نے منگنی تک کرلی تھی لیکن پھر انہوں نے شادی کا ارادہ موخر کر لیا۔

Back to top button