آسٹریلیا نے ایشز سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

کینگروز کی ٹیم نے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ہرا کر 3-0 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
برطانوی ٹیم نے 31 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اگلے 16 اوورز کے دوران آسٹریلین باؤلرز نے مہمان ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔
میچ کے تیسرے دن آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بین اسٹوکس تھے جو لگاتا تیسرے ٹیسٹ میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 11رنز بنانے کے بعد اسٹارک کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکیں۔
جونی بیئراسٹو اور کپتان جو روٹ نے اسکور کو 56 تک پہنچایا ہی تھا کہ گلی میں موجود گرین انگلش بلے باز کا کیچ نہ تھام سکے البتہ چار رنز کے اضافے سے بولینڈ نے ان کا کام دوبارہ تمام کردیا۔
کپتان جو روٹ کی مزاحمت بھی بالآخر دم توڑ گئی اور وہ 28 رنز بنانے کے بعد وارنر کو کیچ دے بیٹھے جو روٹ نے سال 2021 میں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار 708 رنز اسکور کیے البتہ وہ 80رنز کے فرق محمد یوسف کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
بولینڈ نے تباہ کن باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک مرتبہ پھر ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لیتے ہوئے مارک وڈ اور مارک رابنسن کو چلتا کر کے کیریئر کے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے دیا، 68 کے مجموعی سکور پر گرین نے اینڈرسن کو آؤٹ کر کے انگلش ٹیم کی بساط لپیٹ دی اور آسٹریلیا نے میچ میں اننگز اور 14 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

Back to top button