قومی سلامتی پالیسی کی منظوری تاریخی کامیابی ہے
قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے قومی سلامتی پالیسی کی منظوری تاریخی کامیابی ہے۔
معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کا اگر قومی سلامتی ویژن کلیئر نہ ہو تو اس کے نیچے پالیسیاں اور حکمت عملی بنانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان جامع قومی سلامتی کی بات کرے گا، پالیسی میں قومی سلامتی کا بنیادی نکتہ اقتصادی سلامتی ہوگی کیونکہ اقتصادی سلامتی سے جب معیشت مضبوط ہوگی تو ہمیں وسائل دستیاب ہونگے۔
معید یوسف نے کہا کہ پالیسی میں خارجہ امور کے حوالے سے ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ امن ہے اور امن ناصرف پڑوسی ممالک بلکہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی۔
انھوں نے کہا کہ جب ہم قومی ہم آہنگی کی بات کرتے ہیں تو سب سے پہلے ثقافتی، نسلی تنوع کی بات آتی ہے اور چاہتے ہیں کہ اس کے ارد گرد ہمارا اتحاد قائم ہو۔
معید یوسف نے کہا کہ اقتصادی سلامتی کے اہم نکات میں بیرونی عدم توازن جس کی وجہ سے ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھتا ہے، توانائی سیکیورٹی اور تعلیم کو ہم نے معیشت میں شامل کیا ہے۔
