بابر اعظم نے پاکستان کو ون ڈے کرکٹ کا نمبر ون کیسے بنوایا؟

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل چوتھا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کپتان بابر اعظم کی سنچری کی بدولت 102رنز کے بڑے مارجن سے جیت کر تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ میچ کی خاص بات پاکستان کے کپتان بابراعظم کی 18 ویں سنچری تھی، جنھوں نے 117 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ بابراعظم نے تیز ترین 5000 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔ 5 مئی 2015 کو جب بابراعظم نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی تو پاکستان نویں نمبر کی ٹیم تھی جبکہ آج ان کی کپتانی میں یہ ٹیم پہلے نمبر کی ٹیم بن چکی ہے۔ اس وقت پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت 113 پوائنٹ کے ساتھ ایک قطار میں ہیں مگر پاکستان کو گزشتہ روز بڑے مارجن سے فتح حاصل ہوئی جس سے بہتر اوسط حاصل ہونے کی وجہ سے پاکستان کو پہلی بار آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔

5 میچوں کی ہوم سیریز کا پانچواں میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پوائنٹ ٹیبل پر آسٹریلیا اور انڈیا سے آگے نکل جائے گا۔ چھ مئی کو میچ جیتنے سے پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 113 اعشاریہ 483 ہوگئی ہے جبکہ آسٹریلیا کی مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113 اعشاریہ 286 ہیں۔۔ مزید ایک میچ میں فتح کی صورت میں پاکستان کو 115 پوائنٹس کے ساتھ انڈیا اور آسٹریلیا پر مزید سبقت حاصل ہو جائے گی۔ اگر پاکستان نیوزی لینڈ سے آخری ون ڈے میچ ہار جاتا ہے تو پھر اس صورت میں پاکستان 112 پوائنٹ کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔

انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ کی آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں نمبر ون بننے والی ٹیم کا کپتان ہوں، پورے پاکستان کو اس کی مبارکباد دیتا ہوں، کھلاڑیوں کو خاص مبارکباد کہ جن کی وجہ سے ہم نمبر ون بنے۔ کھلاڑیوں نے مختلف اور مشکل حالات میں پرفارم کیا جس سے حوصلہ بڑھا، نمبر ون بننے سے ٹیم کو اعتماد ملے گا۔ انھیں نے کہا کہ بطور کپتان پلیئرز کو اعتماد دینے کی کوشش کرتا ہوں، ان سے کہتا ہوں کہ آپ بہترین ہیں اس لیے یہاں ہیں، ہر کھلاڑی ایک دوسرے کی پرفارمنس سے خوش ہوتا ہے۔ اگر کسی ایک سے پرفارم نہ ہو تو دوسرے اس کو کوور کرتے ہیں، ڈریسنگ روم کو منفی باتوں سے دور رکھتے ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم نے بڑا ہدف عبور کیا اور کم ٹوٹل کا دفاع بھی کیا، کبھی بولنگ حاوی ہوتی ہے تو کبھی بیٹنگ میچ نکالتی ہے. پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلا نمبر ہمیشہ ہی ان کا خواب رہا ہے۔

سپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے ٹویٹ کی کہ پاکستان نے ون ڈے میچز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ بابر اعظم ایک روزہ میچز کے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی رینکنگ کی باضابطہ شروعات کے بعد پاکستان پہلی بار ٹاپ پر آیا ہے، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کا باقاعدہ اجراء سال 2005ء میں ہوا، اس سے قبل کی رینکنگ جاننے کےلیے اگر اعداد و شمار کی جمع تفریق کے آج کے مروجہ فارمولے کو استعمال کیا جاۓ تو اس کے مطابق پاکستان آخری مرتبہ اگست 1991 میں ٹاپ پر تھا مگر اس رینکنگ کو آفیشل رینکنگ کا درجہ حاصل نہیں ۔

Back to top button