بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی، جہاں موجود دہشت گرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ ان اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں کارروائی کی اور متعدد ٹھکانے کلیئر کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کارروائیوں میں مزید شدت لاتے ہوئے 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مند میں بھی سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ ادارے کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی اور خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
