بھارت سے ٹڈی دل مار ادویات درآمد کرنے کا امکان

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 18 فروری بروز منگل کو طلب کرلیا ہے جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 ماہ سے تجارت کی معطلی کے بعد، پاکستان اپنی فصلوں پر ٹڈی دل کے جاری حملوں سے مقابلہ کرنے کےلیے بھارت سے کیڑے مار ادویات کےلیے ایک مرتبہ درآمد کی چھوٹ دینے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورت حال اور ترک صدر طیب ایردوان کے دورہ پاکستان میں معاہدوں کی تفصیلات سے کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کابینہ مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی جب کہ احساس پروگرام میں ارکان پارلیمان کو شامل کرنے کے معاملے پر بریفنگ بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔ اجلاس میں گیس کی قیمتوں اور بجلی بلوں کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے جب کہ دالوں پر ٹیکس ریگولیڑی ڈیوٹی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں نیشنل کمیشن برائے رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) کے قیام کےلیے محکمہ انسانی حقوق کی پیشکش پر بھی بحث کی جائے گی۔
اس کے علاوہ کابینہ میں 18ویں آئینی ترمیم کے تحت بین الصوبائی رابطہ ڈویژن میں کونسل برائے مفاد عامہ (سی سی آئی) کے مستقل سیکریٹریٹ کے قیام پر بھی بات کی جائے گی۔
اس اجلاس میں امیگریشن آرڈیننس 1979 کے سیکشن 12 (2) اور 12 (4) کے تحت بیرون ملک مقیم روزگار پروموٹرز کے لائسنس، تبادلے اور دائرہ اختیار میں تبدیلی کے معاملات سمیت دیگر معاملات بھی اٹھائے جائیں گے۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ پاکستان معدنی ترقیاتی کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر / چیف ایگزیکٹو آفیسر کے تقرر پر بھی غور کرے گی جب کہ پاکستان ادارہ شماریات کے چیف شماریات کے خالی عہدے کا اضافی چارج دے گی۔
کابینہ کے اجلاس میں ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیوں کے ذریعے اِن پُٹ ٹیکس میں متناسب ایڈجسٹمنٹ کے لیے ریونیو ڈویژن کی سمری بھی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 10 اگست کو بھارت سے تجارت کو اسرائیل کی طرح (کوئی تجارت نہیں) کی سطح پر معطل کردیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ بھارت کے اس اقدام کے بعد کیا گیا تھا، جس میں اس نے 5 اگست کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت واپس لے لی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button