تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی داور کنڈی مسلم لیگ ن میں شامل

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی داور کنڈی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں کام کریں گے ، پارٹی میں شمولیت کی دعوت پر امیر مقام کا شکرگزار ہوں.
مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں داور کنڈی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داور کنڈی نے کہا کہ میں امیر مقام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن میں کام کریں گے ۔ جس پر رہنما مسلم لیگ امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت پر داور کنڈی کو خوش آمدید کہتا ہوں۔داور کنڈی تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل داور کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے فاؤنڈر گروپ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ علی نواز گنڈا پور کے خلاف شکایت کرنے پر پارٹی نے انھیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ یہ با ت بھی قابل غور ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2017 میں داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ داور کنڈی ایک سال سے پارٹی کیخلاف بیانات دے رہا ہے۔ داور کنڈی پارٹی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرتا ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی رہنما کو کوئی مسئلہ ہوتا ہے وہ جماعت کے اجلاس میں بات کرتا ہے تاہم داور کنڈی پارٹی کی پالیسی کے مخالف میڈیا کے ذریعے سے الزام تراشی کررہے ہیں۔
واضح رہے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سیاست کے لئے جوڑ تور جاری ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے 6 اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی اور آئندہ الیکشن تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے لڑنے کا اعلان کیا تھا.
