ترک صدر 2 روزہ دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے، تیاریاں مکمل

ترک صدر رجب طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر آج 13 فروری کے روز 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترک صدر 13 سے 14 فروری کے دوران دونوں ممالک کے مابین ’روایتی یکجہتی اور تعلق‘ کے فروغ اور پاک-ترک اسٹریٹیجک شراکت داری میں مزید توسیع کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورہ پاکستان میں رجب طیب اردوان کے ہمراہ ان کے کابینہ اراکین، سینئر حکومتی عہدیداران، معروف ترک کاروباری شخصیات بھی ہوں گی اور وہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پاکستان-ترکی ہائی لیول اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
علاوہ ازیں ترک صدر 14 فروری کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے ساتھ ساتھ پاکستان-ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان کے دوران ترکی اور پاکستان کے درمیان ایچ ایل ایس سی سی اجلاس میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔ رجب طیب اردوان دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترکی کو پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کا حصہ بننے کی دعوت دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان ترک کاروباری شخصیات کی جانب سے پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی منتقلی کے منصوبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز سے متعلق دفتر خارجہ نے کہا کہ ’ دونوں فریقین اقتصادی تعلق کو فروغ دینے پر زور دیتے ہیں‘۔ بیان کے مطابق اسلاموفوبیا سے نمٹنے، اسلامی یکجہتی کے فروغ اور خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے ’ متحرک تعاون‘ کے منصوبے بھی ہیں۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد کا ایک منفرد اور مستقل تعلق موجود ہے، دونوں برادرانہ ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے ثابت قدم رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ترکی مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔
