ثمینہ کے پہلے خاوند نے شمیم آراء سے بھی بے وفائی کی تھی

معلوم ہوا ہے کہ 70 برس کی عمر میں اداکار منظر صہبائی سے دوسری شادی کرنے والی معروف اداکارہ ثمینہ احمد کو جوان عمری میں ہی پہلے شوہر فرید احمد کی بے وفائی کا صدمہ برداشت کرنا پڑا تھا جس نے پہلے ان کی خاطر معروف اداکارہ شمیم آرا کو دھوکا دیا اور بعد میں اسی شمیم آراء سے شادی رچا لی۔ شمیم آرا نے فرید احمد کے ساتھ شادی کی شرط یہ رکھی تھی کہ وہ ثمینہ احمدکو طلاق دے۔ چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا لیکن شمیم آرا نے شادی کے 72 گھنٹوں بعد ہی فرید احمد کو ایک پریس کانفرنس میں طلاق دیکر اپنا حساب برابر کر دیا تھا۔
زیڈ ڈبلیو کے بیٹے فرید احمد سے بیٹی اور بیٹے کی پیدائش کے بعد شوہر کی بے وفائی ثمینہ احمد کیلئے کسی بھیانک خواب سے کم نہیں تھی۔ لیکن انھوں نے زندگی کا یہ تکلیف دہ حصہ بڑے حوصلے سے گزارا اور اب بچوں کے صاحب اولاد ہونے کے بعد 70 برس کی عمر میں دوبارہ شادی کرکے سب کو حیران کر دیا۔
ثمینہ احمد کو خاوند کی بے وفائی کے بعد اپنی جوانی تن تنہا گزارنا پڑی۔ یاد ریے کہ ثمینہ کے پہلے شوہر فرید احمد کی منگنی اداکارہ شمیم آراء سے طے تھی لیکن زیڈ ڈبلیو اپنے بیٹے کی شادی شمیم آراء سے نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن وہ اس بات کا اندازہ نہیں کرسکے کہ ان کی ناپسندیدگی کتنے گھروں کو برباد کرنے والی تھی۔ والد کی ناراضی کی وجہ سے شمیم آراء سے شادی والے دن فرید احمد بارات لے کر پہنچنے کی بجائے غائب ہو گے۔ شمیم آراء نے شادی کے موقع پر میڈیا کو بھی دعوت دے رکھی تھی تاہم بارات نہ پہنچنے ہر انہیں بڑی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بات ان کے دل پر لگی۔
کچھ عرصہ بعد فرید احمد کی شادی اداکارہ ثمینہ احمد سے ہوگئی اور پھر ان کے گھر ایک بیٹا اور ایک بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی۔ دوسری طرف شمیم آراء کی بھی دو بار شادیاں ہوئیں۔۔۔ پہلی ایک زمیندار کے ساتھ جنہوں نے انہیں بہت چاہا اور شمیم ہر طرح کا دکھ بھول گئیں۔ پھر ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا۔ شمیم نے دوسری شادی بزنس مین کریم مجید سے کی اور ان سے ایک بیٹے کی ماں بھی بنیں لیکن پھر جھگڑوں کی وجہ سے یہ شادی ختم ہوگئی۔۔۔
کچھ عرصہ بعد اداکارہ شمیم آراء کی ملاقات ایک بار پھر اداکرہ ثمینہ احمد کے پہلے شوہر فرید احمد سے ہوئی۔ گلے شکوے ہوئے اور بات چیت کا سلسلہ پھر جڑ گیا۔ فرید احمد نے شمیم آراء سے شادی کی خواہش ظاہر کی جس پر شمیم آراء نے اس ہر ثمینہ احمد اور بچوں کو چھوڑنے کی شرط عائد کی۔ اپنی پہلی محبت کے نشے میں فرید احمد نے شمیم آراء کی یہ شرط قبول کی اور ثمینہ احمد کو طلاق دے کر اور بچوں کو چھوڑ کر واپس شمیم آراء سے شادی رچا کی۔ لیکن شادی کے تین دن بعد ہی سالوں تک انتقام کی آگ میں جلنے والی اداکارہ شمیم آراء نے ایک پریس کانفرنس بلا کر فرید احمد سے اپنے ساتھ ہونے والی بے وفائی کا بدلہ یوں لیا کہ اسے طلاق دینے کا اعلان کر دیا۔ فرید احمد اس صدمہ کے بعد زیادہ عرصہ جی نہ سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
دوسری طرف ثمینہ احمد نے باوقار طریقے سے سخت محنت کرتے ہوئے سنگل مدر کے طور پراپنے بچوں کو پروان چڑھایا۔ ان کی بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ ان کی شادیاں کیں اور آج جب وہ نانی اور دادی بن چکی ہیں تو ان کی زندگی میں منظر صہبائی نے خوشیوں کا دروازہ کھٹکٹھایا۔۔۔ ۔منظر ڈرامہ ’’الف ‘‘ سے کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں اور فلم ’’بول‘‘ میں انہوں نے خود کو منوایا اور ایوارڈ بھی جیتا۔۔۔اس کے علاوہ انہوں نے فلم ’’زندہ بھاگ‘‘ سے دلوں پر راج کیا۔۔۔وہ معروف ہدایتکار، ڈرامہ نگار اور شاعر سرمد صہبائی کے بڑے بھائی ہیں۔
ثمینہ احمد کی منظر صہبائی سے شادی پر نہ صرف نو بیاہتا جوڑا خوشیوں سے سرشار ہے بلکہ شوبز انڈسٹری کے فنکار اور دونوں شوبز سٹارز کے گھر والے بھی خوش ہیں۔ ہر کوئی ثمینہ احمد کی خوشی سے خوش ہے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ وہ اس جیت کی اور اس سکون کی مستحق تھیں تاہم سینئر ترین اداکارہ ثمینہ احمد کی 70سال کی عمر میں نامور اداکار منظر صہبائی کے ساتھ دوسری شادی کی خبر نے ان کےمداحوں کو حیران کردیا۔ اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےثمینہ احمد نے کہا کہ باتیں کافی عرصہ سے چل رہی تھیں اور ہم نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا تھا ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائے مگر ہم نے سادگی سے نکاح کرلیا، میں سمجھتی ہوں زندگی کے معاملات نہیں رکتے اور ہر ایک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی خوشی کے مطابق لوگوں کی پروا کئے بغیر زندگی جئے اور ہماری شادی بھی خوشی کا فیصلہ ہے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، اداکارہ ثمینہ احمدکا کہنا ہے کہ منظر صہبائی ایک کامل انسان ہیں ہم نے یہ شادی سوچ سمجھ کر کی ہے جس سے میرے دونوں بچے خوش ہیں۔ ہنی مون کے حوالے سے مسکراکر کہاکہ ابھی کرونا کو دیکھ لیں پھر ہنی مون کا بھی فیصلہ کرلیں گے۔
