جہانگیر ترین کا ناراض حکومتی اراکین سے رابطوں کا فیصلہ

جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر 30 سے زائد ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا ہے۔ چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی لاہور رہائش گاہ پر 30 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی بیٹھک ہوئی، جس کی صدارت جہانگیر ترین نے خود کی۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور جہانگیر ترین نے ہم خیالوں سے رائے لے لی کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہونا چاہیئے؟۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بیٹھک میں چند ارکان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفوں کا آپشن موجود ہے، تاہم اجلاس میں فوری استعفوں کی آپشن کو مسترد کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بیٹھک میں موجود ارکان نے حکومت سے ناراض مزید ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ مزید کچھ ارکان جلد ہم خیال گروپ میں شامل ہوں گے۔ مشاورتی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کرنے اور ریاست مدینہ میں انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے ہم خیال اراکین اسمبلی کا ایک اور اہم اجلاس بلالیا ہے، اجلاس 21 اپریل کو جہانگیر ترین کے گھر لاہور بلایا گیا ہے، جس میں نئے اراکین اسمبلی بھی ہم خیال گروپ میں شامل ہوں گے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور وزیر اعظم کو خط کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button