حلیمہ سلطان کس پاکستانی کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بنیں؟


پی ٹی وی پر نشر ہونے والے مشہور ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی ہیروئن حلیمہ سلطان بالآخر ایک پاکستانی موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئیں۔
پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کی پاکستان میں شہرت روز بروز بڑھتی جارہی ہے، چنانچہ ڈرامے کے مرکزی کرداروں کو پاکستان کے مختلف برانڈز کی طرف سے آفرز کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔ ‘ارطغرل غازی’ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسریٰ بلگچ نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے تین معروف برانڈز کے ساتھ کام کا آغاز کرنے والی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا تھا۔ اسریٰ نے بتایا تھا کہ جلد ہی ان کی جانب سے پاکستانی برانڈز کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں باضابطہ اعلان بھی ہوجائے گا۔ اب ان میں سے ایک برانڈ نے اداکارہ کو پاکستان میں اپنا برانڈ ایمبیسیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل نے سوشل میڈیا پوسٹ پر اعلان کیا ہے کہ ترک اداکارہ ان کی نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر بن گئی ہیں۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ پہلا پاکستانی برانڈ ہے جس نے ارطغرل ڈرامے سے شہرت پانے والی اداکارہ کو اپنے نئے فون کی مہم کا حصہ بنایا ہے۔ یہ فون کب تک دستیاب ہوگا ابھی تک واضح تو نہیں مگر سوشل میڈیا پر اعلان سے یہ ضرور اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس حوالے سے مہم بہت جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ایک انٹرویو میں اسریٰ نے کہا تھا کہ اگر دنیا میں کرونا کی وبا نہ پھیلی ہوئی ہوتی تو وہ اب تک پاکستان کے متعدد دورے کر چکی ہوتیں مگر وہ وباء کے باعث فضائی پابندیوں کی وجہ سے مجبور ہیں۔ اسریٰ بلگچ نے یہ بھی کہا تھا کہ ان سمیت ڈرامے کی تمام کاسٹ اور ٹیم کو ڈرامے کی شوٹنگ کے وقت یہ احساس نہیں تھا کہ ارطغرل غازی اتنا مقبول ہوگا۔ اسریٰ بلگچ کے مذکورہ انٹرویو کے بعد مزید پاکستانی برانڈز کی جانب سے اداکارہ سے رابطہ کیے جانے کا انکشاف ہوا جس کے بعد اسری نے چند دن قبل اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اردو میں وضاحت بھی کی۔ اسریٰ بلگچ نے اردو میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’میری آفیشنل مینیجر اور واحد نمائندہ صرف ڈیوگو دروکان جیجی ہے، آپ تمام اشتراک، خیالات، شراکت داری اور مجموعی طور پر کسی بھی منصوبے کےلیے ان سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں‘۔ ساتھ ہی اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ ترکی سے باہر وہ کسی بھی انتظامی کمپنی یا ادارے سے وابستہ نہیں ہیں۔ اسریٰ بلگچ کی جانب سے مذکورہ اسٹوری کے حوالے سے قیاس آرائیاں تھیں کہ شاید ان سے دیگر پاکستانی برانڈز اور اداروں نے بھی کام کے حوالے سے رابطے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے وضاحتی اسٹوری لکھی۔
علاوہ ازیں ٹوئٹر پر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی حال ہی میں مداحوں سے رائے طلب کی تھی کہ کیا اسریٰ بلگچ کو پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کی پیش کش کی جانی چاہیے؟۔ جاوید آفریدی کی ٹوئٹ پر درجنوں افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ ارطغرل غازی کی حلیمہ سلطان کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کیا جائے۔ جاوید آفریدی کی ٹوئٹ پر اسریٰ بلگچ نے بھی انہیں جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی کہ وہ جلد ہی انہیں اس حوالے سے خوشخبری سنائیں گی۔ ساتھ ہی اداکارہ نے جاوید آفریدی اور پشاور زلمی کو اپنی ٹوئٹ میں مینشن بھی کیا۔ اسریٰ بلگچ کو پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کی رائے طلب کرنے پر معروف کرکٹر وہاب ریاض نے بھی جاوید آفریدی کو مشورہ دیا کہ وہ جلد سے جلد مذکورہ خوشخبری عوام کو سنائیں، اب ان سمیت کسی سے انتظار نہیں ہوتا۔
اسریٰ بلگچ کی جانب سے جاوید آفریدی اور پشاور زلمی کو مینشن کرکے ٹوئٹ کیے جانے پر خیال کیا جا رہا ہے کہ ترک اداکارہ پی ایس ایل کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے کےلیے تیار ہیں تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button