خاتون سے بدتمیزی پر عاطف اسلم نے کنسرٹ ادھورا چھوڑ دیا
اسلام آباد میں اپنے میوزک کنسرٹ کے دوران سامعین کی جانب سے سٹیج پر بوتلیں پھینکیں اور ایک خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے بعد معروف گلوکار عاطف اسلم ناراض یو گے اور کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل کئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار عاطف اسلم اسلام آباد میں ہونے والا ایک میوزک کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ویڈیوز میں عاطف کے میوزک کنسرٹ میں شامل کچھ لوگ شور شرابا کرکے کنسرٹ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کنسرٹ میں شریک افراد خالی بوتلیں اسٹیج پر پھینک رہے ہیں جب کہ لوگوں کو مجمع میں بھی دھکم پیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کنسرٹ منتظمین لوگوں کو بار بار فاصلہ اختیار کرنے اور دھکم پیل و شور شرابہ بند کرنے کی ہدایات کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں، تاہم اس کے باوجود لوگ اپنی حرکتوں سے بعض نہیں آتے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم کو بھی لوگوں کو شور شرابہ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود کوئی بھی خاموشی اختیار نہیں کرتا۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی اسٹیج پر روتی ہوئی عاطف اسلم کے پاس آتی ہیں اور انہیں نوجوانوں کی جانب سے اپنے ساتھ بد تمیزی کی شکایت کرتی ہیں، جس کے بعد گلوکار خاتون کے ہمراہ اسٹیج چھوڑ کر جاتے دکھائی دیتے ہیں۔ عاطف اسلم کی جانب سے اسٹیج چھوڑ کر جانے پر منتظمین کہتے سنائی دیتے ہیں کہ دھکم پیل اور لوگوں کی حرکتوں کی وجہ سے میوزک کنسرٹ کو ختم کرنا پڑ رہا ہے۔
عاطف اسلم کے کنسرٹ کی وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق یہ شو اسلام آباد میں ہو رہا تھا، جس میں راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے بھی لوگ آئے تھے۔ میوزک کنسرٹ میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر عاطف اسلم کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا جب کہ متعدد لوگوں نے ٹوئٹس اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کنسرٹ میں موجود لوگوں کی جانب سے بدتمیزی کی شکایتیں بھی کیں۔
