ذہنی صحت پر اوپرا ونفرے اور شہزادہ ہیری کی پہلی سیریز سامنے آگئی

امریکی ٹی وی اسٹار، اداکارہ، میزبان، پروڈیوسر و سماجی رہنما اوپرا ونفرے اور برطانوی شہزادہ ہیری کی پروڈیوس کردہ ذہنی صحت پر بنائی گئی ویب سیریز کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔اسٹریمنگ ویب سائٹ ایپل ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ مختصر دورانیے کے ٹریلر میں اوپرا ونفرے، شہزادہ ہیری، گلوکارہ لیڈی گاگا، اداکارہ گلین کلوز اور گلوکارہ گلین اسٹیفنی سمیت میگھن مارکل کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔لوگوں میں اُمیدیں اور ان میں خوشی بیدار کرنے والی ویب سیریز کا نام ’دی می یو کانٹ سی‘ یعنی ’مجھے تم نہیں دیکھ سکتے‘ رکھا گیا ہے۔
ویب سیریز کی ٹریلر میں اوپرا ونفرے اور شہزادہ ہیری سمیت دوسری معروف شخصیات کو ذہنی مسائل پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ٹریلر میں شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا کی آخری رسومات کی جھلک اور اس وقت کے چھوٹے شہزادہ ہیری کو بھی دکھایا گیا ہے۔
