زمانے سے ٹکرا کر کامیابی حاصل کرنے والی جیاعلی کی کہانی

اپنے کیریئر کے آغاز میں معروف سوشل ورکر مسرت مصباح کے شوہر کے ساتھ ایک سکینڈل میں نتھی کر دی جانے والی نامور فیشن ماڈل اور فلمسٹار جیا علی نے اپنا شوبز کیریئر بنانے کیلئے سخت تگ و دو کی۔ پھر کامیابیاں سمیٹنے کے بعد جب شادی کا مرحلہ آیا تو ان کے منگیتر نے جیا پر اپنے زیر کفالت بھائیوں کو چھوڑنے کی شرط عائد کر دی مگر جیا نے اسے مسترد کر دیا اور ماں اور باب دونوں کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے بھائیوں کو پالا اور پھر انہیں زندگی میں سیٹلڈ کروایا۔ یوں وہ آج تک اپنا گھر نہ بسا سکیں۔ شوبز کو خیر باد کہنے کے بعد جیا علی ان دنوں کیمروں کی چکاچوند سے دور نفسیاتی مسائل کو یوگا اور مراقبے کے ذریعے دور کرنے سے متعلقہ سیشنز میں بطور ٹرینر کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
جیا علی کا بچپن پانچ بھائیوں کے ساتھ ہنستے کھیلتے قہقہے لگاتے اور لڑائیاں کرتے گزرا۔ تاہم جیا کو ہمیشہ سے افسوس رہتا ہے کہ وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کر سکیں۔ جیا کہتی ہیں کہ انہیں زندگی میں ملنے والے دکھوں نے کم عمری میں ہی میچور کر دیا تھا۔ جیا کے والد باٹا شو کمپنی میں مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ تھے اس لیے جیا نے فیملی کے ہمراہ لیبیا، یونان اور اٹلی جیسے ممالک میں بچپن گزارا۔ تاہم جونہی انہوں نے پروفیشنل کیریئر سٹارٹ کیا تو معروف بیوٹیشن مسرت مصباح کے دوسرے شوہر کے ساتھ ایسا سکینڈل بن گیا جس نے وقتی طور پر جیا علی کے کیرئیر کو فل سٹاپ لگا دیا۔ مگر پھر یہی سکینڈل ان کے لئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا اور آنے والے وقت میں جیا علی نے بطور ٹاپ فیشن ماڈل اورفلم ایکٹریس اپنا نام بنایا۔
جیا کہتی ہیں کہ اگرچہ میرے گھر والے مجھے نوکری کی اجازت دینے پر راضی نہیں تھے تاہم والدین کی منت سماجت کرکے میں نے مسرت مصباح کے بیوٹی سیلون سانتے میں کام کرنا شروع کر دیا۔ اس دوران جیا نے میک اپ اور ماڈلنگ سیکھنے کے لئے بے انتہا محنت کی۔ جیا کہتی ہیں کہ اس دور میں مجھے سحر سہگل نے آفر کی کہ میں ان کے فیشن ہاؤس کی ہوم ماڈل بن جاؤں لیکن مسرت آپا نے اجازت نہ دی۔ کئی بار مجھے فیشن ماڈلنگ اور فلموں میں کام کی بھی آفر ہوئی مگر ہر بار مسرت مصباح آڑے آجاتیں۔
یہیں سے جیا علی کی زندگی نے نیا موڑ لیا۔ یہ اس دور کی بات ہے جب سانتے سیلون کی مالکن مسرت مصباح کی اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ ان بن چل رہی تھی اور جیا دونوں فیملیز کے انتہائی قریب تھیں ایسے میں جیا علی پر مسرت مصباح کے شوہر سے مل کر دونوں میں علیحدگی کروانے کا الزام لگ گیا۔ اخبارات میں جیا کے خلاف خبریں لگیں، شوبز انڈسٹری مسرت مصباح کے ساتھ جا کھڑی ہوئی۔ بالآخر جیا علی نے یہ فیلڈ چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا۔
بعدازاں جیا نے اپنی دوست اداکارہ سعدیہ امام اور فیشن سٹائلسٹ نبیلہ کی مدد سے میریٹ ہوٹل میں بطور مینیجر کام شروع کردیا۔ یہیں سے جیا نے دوبارہ سے فیشن ماڈلنگ شروع کی جس کے بعد انہیں لولی ووڈ فلم دیوانے تیرے پیار کے میں سائن کر لیا گیا۔ یہ جیا کے کیریئر کا کامیاب ترین فیز تھا۔ تاہم 1997 میں جیاعلی کو اپنے والد کی موت کا صدمہ برداشت کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے اپنے چھوٹے بھائیوں کی زندگی سنوارنے کے لیے باپ کا کردار نبھانے کا فیصلہ کیا۔ جیا نے باقاعدگی سے فیشن ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ فلموں اور ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیا۔ انکی فلم دل دیوانہ ہے، نخرہ گوری دا اور کئی ڈرامے سپر ہٹ قرار پائے۔
جیا علی نے انتہائی مشکلات کے باوجود اپنے چھوٹے بھائی منا مشتاق کو فیشن فوٹو گرافی کے شعبے میں نہ صرف انٹر کروایا بلکہ اسے بڑا نام بنانے میں بھی کامیاب رہیں لیکن دوسری طرف جیا کے خلاف مسلسل نفرت پھیلائی جارہی تھی۔ جیا کہتی ہیں کہ میرا اور منا مشتاق کا نام بڑے شوز کی لسٹ میں آتا اور پھر کٹ جاتا۔ ہمیں سمجھ نہیں آتی تھی کہ ہمارا نام کون کٹوا دیتا ہے، تاہم میں نے ہمت نہیں ہاری۔
جب جیا علی تیزی کے ساتھ کامیابی کی منزلیں طے کر رہی تھی تو اس وقت ان کی بیمار والدہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنا گھر بسا لے۔ پہلے پہل تو جیا نے انکار کیا تاہم پھر والدہ کے مجبور کرنے پر ترکی میں مقیم خاقان نامی نوجوان سے منگنی کرلی۔ جیا کہتی ہیں کہ میں نے خاقان کو واضح طور پر بتایا تھا کہ میں اپنے چھوٹے بھائیوں کو پال رہی ہوں اور میں ماں کو بھی نہیں چھوڑ سکتی۔ تاہم دوسری جانب خاقان بھی کچھ اور ہی سوچ رہا تھا وہ جیب کے معاملے میں کنجوس واقع ہوا۔ ابھی یہ معاملات چل ہی رہے تھے کہ میری والدہ انتقال کرگئیں۔
جیا علی کے والدین کو گزرے کئی برس بیت گئے لیکن اب جب بھی جیا سے یہ پوچھا جائے کہ انہوں نے اتنی عمر ہونے کے باوجود شادی نہیں کی تو کہتی ہیں کہ والدین کے انتقال کے بعد اب میری زندگی کا واحد مقصد اپنے بھائیوں کو کامیاب کروانا ہے۔ کہتی ہیں کہ اپنی شادی کی خاطر میں اپنے ماں باپ کی نشانی کو کیسے چھوڑ دوں۔ اگر خاقان میرے بھائیوں کو اڈاپٹ کر لیتا تو شاید میں شادی کر لیتی لیکن اب دل میں شادی کی کوئی خواہش نہیں۔
اگرچہ جیا کے مسرت مصباح کے ساتھ تعلقات بھی معمول پر آ چکے ہیں لیکن اپنا کیرئیر بنانے کے لیے جیاعلی کو جن کٹھن حالات کا سامنا کرنا پڑا اور جس طرح ان کی کردار کشی کی گئی وہ آج تک اسے بھول نہیں پائیں۔ شوبز کی دنیا چھوڑنے کے بعد جیاعلی کی توجہ ان دنوں اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، وہ اکثر یوگا اور مراقبے کے ذریعے نفسیاتی مسائل کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والے سیشنز میں بطور ٹرینر کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button