سالانہ تہوار ہیلووین کے موقع پر 2 افراد ہلاک

کینیڈا میں سالانہ تہوار ہیلووین کے موقع پر ایک تلوار بردار شخص کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک 5 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے حملہ آور کو واقعے کے فوراً بعد گرفتار کرلیا جس کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ اتوار کی رات شہر کے پرانے علاقے پارلیمنٹ ہل میں پیش آیا جبکہ حملہ آور قدیم طرز کا لباس پہنا ہوا تھا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جنہیں مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں جبکہ ملزم کو بھی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کا دل متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے ساتھ ہی انہوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کے علاوہ آئندہ آنے والے دنوں میں کسی بھی قسم کی معلومات ملنے پر 911 پر رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلِ خانہ کے احترام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم متاثرہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کررہے ہیں اور نہ ہیں انہوں نے اس بات کی وضاحت کی حملہ عمومی تھا یا ہدف بنا کر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل رواں برس اپریل میں کینیڈا کے صوبے نووا اسکاٹیا میں ایک مسلح شخص نے پولیس کا روپ دھار کر خاتون پولیس افسر سمیت 16 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ اسی طرح 2018 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور ایک بچی سمیت 13 افراد خمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔
