سجل علی شادی کو مکمل زندگی کیوں نہیں سمجھتیں؟

اپنے شوہر احد رضا میر سے علیحدگی اختیار کرنے والی معروف اداکارہ سجل علی نے زندگی کو شادی تک محدود رکھنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی صرف شادی کا نام نہیں ہے، اور ہمیں شادی کو ہی مکمل تر زندگی نہیں سمجھنا چاہئے۔ ماضی کے معروف اداکار آصف رضا میر کی سابقہ بہو سجل علی نے کہا کہ شادی بہت خوبصورت اور پیارا رشتہ ہے، لیکن یہ مکمل زندگی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سجل علی نے حال ہی میں ایک برطانوی فلم میں کام کیا ہے جس کی لکھاری عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان ہیں۔ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ نامی فلم کی ہدایات بالی ووڈ فلم ساز شیکھر کپور نے دی ہیں اور اس میں سجل علی کے علاوہ شبانہ اعظمی اور دیگر پاکستان و بھارتی اداکار بھی دکھائی دیں گے۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی اور اس کی کہانی برطانوی لڑکے کی پاکستانی لڑکی سے شادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے، فلم کی آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز متوقع ہے۔ تاہم اس فلم کو اب تک کئی عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے، ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کی پروموشن کے دوران سجل علی نے بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے فلم سمیت شادی اور زندگی سے متعلق اپنے خیالات کا بھی کھل کر اظہار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ پہلی ایسی انٹرنیشنل فلم ہے، جس میں پاکستانیوں کو کسی طرح کے منفی کردار میں نہیں دکھایا جائے گا، اس سے قبل پاکستانیوں کو زیادہ تر دہشت گرد کرداروں میں ملوث دکھایا جاتا رہا ہے، سجل کے مطابق فلم میں ان کا کردار نہ صرف پاکستانی اور بھارتی بلکہ جنوبی ایشیائی ممالک کی دیگر لڑکیوں کی اصل زندگی سے ملتا جلتا ہے اور خطے کی ہر لڑکی کو ان کا کردار اپنا لگے گا، ان کے مطابق فلم میں جنوبی ایشیائی لڑکیوں کی شادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کو بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

سجل علی نے بتایا کہ ان کی فلم کا سب سے بہترین حصہ اسکے اختتام میں ہے، جب وہ اپنے شوہر سمیت اپنے گھر والوں کو بتاتی ہیں کہ ہماری شادی مزید نہیں چل سکتی، اس لیے ہم بہتر طریقے سے ایک دوسرے سے الگ ہو جاتے ہیں، سجل نے شادیوں کے ناکام ہونے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ حقیقی زندگی میں بھی جب لڑکیوں کو لگے کہ ان کی شادی شدہ زندگی مشکلات کا شکار ہے تو لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ گھر والوں سمیت شوہر کو بتا دیں کہ اب وہ اس رشتے میں مزید نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خراب تعلقات اور رشتے میں رہنے سے بہتر ہے کہ ایک اچھے دوست کی طرح راہیں جدا کر لی جائیں، سجل علی نے اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے شادی کو زندگی کا بہت ہی خوبصورت اور پیارا تعلق اور رشتہ بھی قرار دیا اور کہا کہ شادی شدہ ہونا زندگی کو خوبصورت بناتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ زندگی میں شادی کرنے کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوتا ہے اور شادی کو مکمل زندگی سمجھنا درست نہیں۔

سجل علی کے مطابق خواتین کو صرف شادی کرنے اور بچے پیدا کرنے تک نہیں سوچنا چاہئے، انہیں علم ہونا چاہئے کہ زندگی اس تعلق سے بھی بڑھ کر ہے اور شادی کے بغیر بھی زندگی چل سکتی ہے، اداکارہ نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ یہ سوچیں کہ شادی اور بچے پیدا کرنے کے علاوہ بھی زندگی گزارنے کے کئی راستے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے خواب دیکھنے چاہئے اور وہ شادی کے بغیر بھی کچھ کر سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک سال سے سجل علی کی ازدواجی زندگی میڈیا میں موضوع کا بحث بنی ہوئی ہے، ان سے متعلق چہ مگوئیاں ہیں کہ انہوں نے اداکار احد رضا میر سے طلاق لے لی ہے، سجل اور احد نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی۔ 2021 کے اختتام تک ان کی ناراضی اور علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں نے ان پر تاحال کوئی وضاحت نہیں دی۔

Back to top button