کامیڈین علی گل پیر نے اپنی ڈاکٹر دوست سے شادی رچا لی

معروف گلوکار اور کامیڈین علی گل پیر نے بھی بالآخر کرسمس کے موقع اپنی پرانی ڈاکٹر دوست عظیمہ کیساتھ شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔ ’وڈیرے کا بیٹا اور تاڑو ماڑو‘ جیسے گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے علی گل پیر نے انسٹاگرام پر دلہن کے ہمراہ تصاویر شیئر کرکے اپنے نکاح کی تصدیق کی۔ انہوں نے شادی کی پوسٹ میں دلہن کو مخاطب ہوتے ہوئے دلچسپ کیپشن لکھا کہ اب ان کی بیوی ہمیشہ کے لیے انکے ساتھ پھنس کر رہ گئی ہیں اور وہ بدلے میں انہیں ڈھیر سارا پیار اور خوشیاں دے کر انکی زندگی کو حسین بنا دیں گے۔ یاد رہے کہ علی پیر گل کے بچپن میں ان کی والدہ اور ان کے والد میں علیحدگی ہوگئی تھی اور انہیں والدہ نے پالا ہے۔
علی گل پیر نے خوبصورت اور پیار کرنے والی شریک حیات ملنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنی دلہن کو تب بھی خوش رکھا اور انہیں ہنسایا جب ان کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی۔اگرچہ علی نے شادی کے بجائے نکاح کا لفظ استعمال کیا، تاہم ان کی دلہن نے اپنی پوسٹس میں بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی۔ ان کی دلہن ڈاکٹر عظیمہ نکھوڈا نے چند دن قبل اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان دونوں کی شادی کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے بھی شادی اور نکاح کے وقت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اہل خانہ اور دستوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔ دونوں کی جانب سے شادی کی پوسٹ کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی مداحوں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
علی گل پیر کی دلہن کے انسٹاگرام پیج سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا تعلق شوبز سے نہیں ہے اور وہ ڈاؤ ہسپتال میں ڈاکٹر ہیں۔ خیال رہے کہ علی گل پیر کو اپنے مزاحیہ تنقیدی گانے ’وڈیرے کا بیٹا‘ سے شہرت ملی تھی جس کے بعد انہوں نے اسی طرح کے دیگر کامیڈی تنقیدی گانے بھی ریلیز کیے۔ پہلے چند گانوں کی کامیابی کے بعد علی گل پیر نے 2012 کے آخر میں ہی ’تاڑو ماڑو‘ گانا ریلیز کیا جس نے خوب پذیرائی حاصل کی۔ علی نے بتایا تھا کہ انہوں نے یہ گانا ان لوگوں کو شرم دلانے کے لیے بنایا ہے جو سارا دن سڑکوں، بازاروں اور بسوں میں شریف لڑکیوں کو گھورتے ہیں اور تاڑتے ہیں۔
یاد رہے کہ علی گل پیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک جاگیردار گھرانے سے ہے اور جب وہ کم عمر تھے تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی۔ علی گل پیر اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی میں بھی پڑھائی کی اور یہیں سے اپنے کیریئر کے بطور گلوکار شروعات کی۔ اب شوبز انڈسٹری میں ان کی شناخت ایک کامیاب گلوکار اور کامیڈین کے طور پر ہو چکی ہے۔
