سروسز چیفس کی مدت ملازمت سے متعلق ترامیمی بلز سینیٹ میں پیش

قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی، نیوی اور ایئرفورس ایکٹس ترامیمی بلز 2020 منظوری کے بعد سینیٹ میں پیش کردئیے گئے۔
چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس ایوانِ بالا کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے سروسز ایکٹس میں ترامیم سے متعلق بلز پیش کیے۔اجلاس کے دوران پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام(ف)،جماعت اسلامی اور نیشنل پارٹی نے ترامیمی بلز کی مخالفت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے مذکورہ ترامیمی بلز پاکستان آرمی( ترمیمی) بل 2020،پاکستان نیوی (ترمیمی) بل 2020 اور پاکستان ایئرفورس (ترمیمی) بل 2020 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیج دئیے۔ ایوان بالا کا اجلاس کل سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی جانب سے منظوری کے بعد مذکورہ ترامیمی بلز پر سینیٹ میں رائے شماری کی جائے گی۔قبل ازیں قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی، نیوی اور ایئرفورس ایکٹس ترامیمی بلز 2020 کثرت رائے سے منظور کرلیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو ایوانِ زیریں میں پاک آرمی ایکٹ 1952، پاک فضائیہ ایکٹ 1953 اور پاک بحریہ ایکٹ 1961 میں ترامیم کے لیے علیحدہ علیحدہ بل وزیر دفاع پرویز خٹک نے پیش کیے تھے۔
