سمندری طوفان شاہین نے گوادر میں تباہی مچا دی

سمندری طوفان شاہین نے گوادر میں تباہی مچا دی ، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ متعدد کچے مکانات بھی گرگئے ، بجلی کی فراہمی بیس گھنٹوں سے بحال نہیں ہو سکی ہے۔
تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے ، محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق سمندری طوفان ’شاہین‘ پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران 10کلومیٹر کی رفتار سے بحیرہ عرب میں شمال مغرب کی طرف بڑھا ہے۔اب یہ طوفان گوادر سے جنوب میں تقریباً 125کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اورماڑہ سے جنوب مغرب میں 250 کلومیٹر اور کراچی سے مغرب میں 470 کلومیٹر دوری پر ہے۔ 110 سے120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ۔
سمندری طوفان سنیچر کی شام تک مغرب سے شمال مغرب کی طرف چلتا رہے گا اور پھر جنوب مغرب میں عمان کے شمالی ساحل کی طرف مڑ جائے گا۔ گوادر، لسبیلہ، آواران، کیچ اور پنجگور اس موسمی نظام کے زیر اثر ہیں ، گوادر کے ساحلی علاقوں اوماڑہ میں 54 ملی لیٹر، پسنی میں 49 ملی لیٹر، جیونی میں 38 ملی لیٹر جبکہ گوادر شہر میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے اردو نیوز کو بتایا کہ طوفان کا رخ عمان کے شمالی حصے کی طرف ہو گیا ہے، امکان ہے کہ پیر کی صبح تک یہ طوفان عمان کے ساحل سے ٹکرا ئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مزید خطرہ ٹل گیا ہے تاہم تیز ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے جس سے نقصانات کا خدشہ ہے۔
بشکریہ : اردو نیوز
