‘سیریل کسر’ عمران ہاشمی کے ساتھ بہت مزہ آیا


اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ انہیں سیریل کسر کے نام سے بدنام بھارتی اداکارعمران ہاشمی کے ساتھ ایک فلم میں بار ڈانسر کا کردار ادا کرتے ہوئے بہت مزہ آیا۔ حمائمہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی فلموں کے بعد بھارت جا کر عمران ہاشمی کے ساتھ فلم میں ’بار ڈانسر‘ کا رول ادا کیا تو لوگوں نے ان سے نفرت کرنا شروع کر دی اور انہیں برا سمجھا جانے لگا حالانکہ وہ ایک فلمی کردار تھا اور وہ حقیقی زندگی میں ایسی نہیں ہیں۔ حمائمہ ملک حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں اپنے شوبز کیریئر سمیت ذاتی زندگی کے واقعات بھی بتائے۔
حمائمہ ملک نے بتایا کہ انہوں نے انتہائی کم عمری یعنی 14 برس کی عمر میں ماڈلنگ کے کیریئر کا آغاز کیا اور انہیں جلد شہرت مل گئی۔ انہوں نے نہ صرف اپنے تمام اخراجات خود اٹھائے بلکہ اپنے گھر کو بھی چلایا اور والدہ کو گھر بنا کر دیا۔ حمائمہ نے بتایا کہ وہ اصلی پنجابی بولنے والی ہیں اور ان کا تعلق میانوالی سے ہے مگر شوبز کیریئر کی وجہ سے وہ کراچی رہتی ہیں ان کے 6 بہن بھائی ہیں۔ اداکارہ نے اپنی پیدائش سے متعلق دلچسپ واقعہ بتایا کہ ان کے والدین نے ’اجمیر شریف‘ جا کر ان کی پیدائش کی ’منت‘ مانگی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین نے اگرچہ بیٹے کی پیدائش کی ’منت‘ کی تھی مگر وہ پیدا ہوگئیں۔ لہذا ان کی امی انکے پیدا ہونے پر بہت روتی تھیں، انہوں نے بتایا کہ اداکارہ فضیلا قاضی کی والدہ نے ان کی والدہ کو تسلی دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب یہ لڑکی بڑی ہو تو اسے واپس ’اجمیر شریف‘ بھیجیے گا تاکہ وہ قرض اتار کر آئے۔
حمائمہ ملک کے مطابق آگے چل کر جب وہ شوبز کے کاموں میں تین سال تک بھارت رہیں اور سب سے پہلے وہ ’اجمیر شریف‘ کے مزار پر گئی اور حاضری دی۔
حمائمہ نے کچھ عرصے تک شوبز سے دور رہنے پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ باتیں بلکل غلط ہیں کہ انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔ حمائمہ نے کہا کہ چوں کہ انہوں نے بچپن سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس لیے نہ تو وہ درست انداز میں تعلیم حاصل کر پائیں اور نہ ہی اپنی ذات کو وقت دے پائیں، اس لیے انہوں نے کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دوری اختیار کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شوبز سے دوری کے بعد وہ روحانیت کی طرف چلی گئی تھیں اور انہیں بہت سکون ملا لیکن جلد ہی وہ اسکرین پر واپسی کریں گی۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے حمائمہ ملک نے اپنے بھائی اور اداکار فیروز خان کے اصرار پر تبلیغی جماعت والے ڈرامے باز مولانا طارق جمیل کے ہاتھ پر بیعت کر لی تھی۔ ایسا انھوں نے اداکار شمعون عباسی کے ساتھ اپنی شادی ناکام ہونے کے بعد کیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ پاکستان میں ’بول‘ فلم میں کام کرنے کے بعد انہیں شہرت ملی۔ جب وہ اس فلم میں وہ ’زینب‘ بن کر مریں تو لوگوں نے ان کی اداکاری کو سراہا اور ان پرجان قربان کرنے کو تیار ہوگے۔ لیکن انہوں نے بتایا کہ جب وہ اداکاری کرنے بھارت گئیں تو لوگوں نے ان پر ’بول سے بولڈ تک‘ کا ٹیگ لگایا اور انہیں بولڈ اداکارہ کہا جانے لگا۔ حمائمہ ملک نے کہا کہ دراصل وہ شروع سے ہی ’بولڈ‘ رہی ہیں، ایسا نہیں ہے کہ وہ بھارت جانے کے بعد ’بولڈ‘ ہوئیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بول کے بعد انہیں بولی وڈ اداکار سنجے دت اور وویک اوبرائے کے ہمراہ کام کرنے کا موقع ملا اور اسی دوران ہی وہ اجمیر شریف سمیت بھارت کی دیگر مزاروں پر بھی گئی تھیں۔
حمائمہ ملک نے بتایاکہ بعد ازاں انہیں سیریل کسر عمران ہاشمی کے ساتھ ’نٹور لال‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے فلم میں ’بار ڈانسر‘ کا کردار ادا کیا۔ اس پر لوگوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے نفرت کرنے لگے۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ انہیں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا اور وہ اب بھی بہترین دوست ہیں اور ان کا آپس میں رابطہ ہے۔ حمائمہ ملک نے بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان سےملاقات کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ جب وہ ان سے ملیں تو انہیں بتایا کہ وہ ان کی بچپن سے ہی ’مداح‘ رہی ہیں۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ ابھی تک سلمان خان کی بہت بڑی ’مداح‘ ہیں۔ ایک اور سوال پر حمائمہ ملک نے کہا کہ اپنی پہلی شادی ناکام ہو جانے کے بعد انہوں نے ابھی دوسری شادی بارے نہیں سوچا۔

Back to top button