کیا اداکارہ عائشہ عمر پیسوں کے عوض ڈانس کرتی ہیں؟


کیا اداکارہ عائشہ عمر پیسے کے عوض محفلوں میں ڈانس کرتی ہیں؟ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ سوال تب کیا گیا جب عائشہ کی ایک محفل میں انڈین گانے پر مردوں کے ہمراہ ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر انتہا پسند حلقوں نے شدید تنقید کی اور اسے بے حیائی قرار دیالیکن عائشہ عمر نے بھی تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی پیسوں کے عوض رقص نہیں کرتیں۔
یاد رہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عائشہ عمر کو ساتھی مرد حضرات کے ساتھ ’منی بدنام ہوئی‘ اور ’سیدھی سادی چھوری شرابی ہوگئی‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔ ویڈیوز میں عائشہ عمر کو دوپٹے کے بغیر ’ساڑھی‘ میں دیکھا جا سکتا تھا۔
ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد عائشہ عمر پر مداحوں نے خوب تنقید کرتے ہوئے انہیں مذہبی تعلیمات دیں اور انہیں یاد دلایا کہ وہ مسلمان ہیں اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ عائشہ کی ویڈیوز کو شوبز سوشل میڈیا پیجز پر شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے ان پر وہاں کمنٹس میں تنقید کی اور انہیں ’بے حیا‘ قرار دیا۔ کئی لوگوں نے عائشہ کی ڈانس پرفارمنس پر ان کے سیدھے راہ پر آنے کی دعائیں بھی کیں اور بعض لوگوں نے لکھا کہ کچھ دن قبل بھارتی گانوں پر پابندی کی باتیں ہو رہی تھیں مگر اب ان پر بولڈ رقص کرکے بے حیائی پھیلائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب عائشہ عمر نے شوبز پیج پر اپنی ڈانس کی ویڈیو شیئر کیے جانے پر لوگوں کی تنقید کا جواب دینے کے بجائے اس پر اچھے کمنٹ کیے اور کہا کہ انہوں نے اپنے قریبی دوست کی شادی میں دوستوں کے ہمراہ ڈانس کرکے خوب مزہ کیا۔ وہیں ایک مداح نے عائشہ کو مینشن کرتے ہوئے سوال کیا کہ وہ شادیوں پر ڈانس کرنے کے کتنے پیسے لیتی ہیں؟ اس سوال پر خود عائشہ عمر نے جواب دیا اور واضح کیا کہ وہ شادیوں پر نہ تو ڈانس کرتی ہیں اور نہ ہی وہ پیسوں کے لیے رقص کرتی ہیں۔ عائشہ نے اپنے جواب میں لکھا کہ ان کی وائرل ڈانس ویڈیو ان کے قریبی دوست کی شادی کی ہے، جس میں وہ دوستوں کے ہمراہ خوشیوں کو انجوائے کر رہی تھیں۔ انہوں نے لکھا کہ اداکار بھی دوسرے لوگوں کی طرح نارمل ہوتے ہیں اور وہ بھی دوستوں کی شادیوں میں دیگر افراد کی طرح رقص کرکے خوشیوں کو انجوائے کرتے ہیں۔ انہوں نے تنقید کرنے یا سوال و جواب کرنے والوں کو برا بھلا کہنے کے بجائے انہیں پیار سے سمجھایا کہ وہ پیسوں کے عوض رقص نہیں کرتیں، یہ ویڈیو ایک دوست کی شادی کی ہے اور دوستوں کے ساتھ ڈانس کرنا ان کے ’روح‘ کی غذا ہے۔ یہ ویڈیوز وائرل ہونے اور خود پر تنقید کے بعد عائشہ عمر نے ڈانس میں پہنے گئے لباس کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے دوست کی شادی میں کس فیشن ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنا۔

Back to top button