عمران کے تکیہ کلام ‘آپ نے گھبرانا نہیں’ پر فلم شروع


پاکستان کی ناکام ترین حکومت کی سربراہی کرتے ہوئے پچھلے تین برس میں ہوشربا مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلوانے والے وزیر اعظم عمران خان کے تکیہ کلام ‘آپ نے گھبرانا نہیں’ پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ تیزی سے جاری ہے اور اسے اگلے برس عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے کپتان کے تکیہ کلام ‘آپ نے گھبرانا نہیں ہے’ پر ایک گانا بھی تیار کیا جا چکا ہے جو کہ کافی مقبول ہوا تھا۔
بتایا گیا یے کہ یہ رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم جے بی پروڈکشن اور جیو فلمز کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے جس میں زاہد احمد، صبا قمر، سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان ریمبو، سہیل احمد اور ثاقب خان سمیت دیگر کئی اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔ ‘آپ نے گھبرانا نہیں ہے’ کے ٹیزر کو دیکھ کر اس فلم کی کہانی سمجھنا کافی مشکل ہے، تاہم یہ اندازہ ضرور ہوتا ہے کہ شائقین کو کامیڈی اور رومانس کے ساتھ ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔ اداکار زاہد احمد اس فلم میں پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے جب کہ نیر اعجاز بھی اخک اعلیٰ افسر کا کردار ادا کریں گے۔ صبا قمر کو ٹرائی اینگلر محبت کرتے ہوئے دکھایا جائے گا یعنی وہ سید جبران اور زاہد احمد دونون سے رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔
تاہم فلم کی کہانی کے حوالے سے پروڈیوسر جبران بیگ نے بتایا کہ یہ صرف کامیڈی فلم نہیں بلکہ ایک اہم سماجی مسئلے کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی خواتین کی خود مختاری اور انہیں طاقتور بنانے کے گرد گھومتی ہے۔
جبران بیگ کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی ایک بیٹی اور اس کے والد کے گرد گھومتی ہے۔ جب ان کا خاندان مشکل میں پھنس جاتا ہے تو بیٹی والد کو کہتی ہیں کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ وہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے موجود ہیں۔فلم کے ہدایت کار ثاقب خان نے بتایا کہ اس میں چار مرکزی کردار دکھائے گئے ہیں لیکن کوئی ہیروئن نہیں ہے، تاہم صبا قمر اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔ انکے مطابق فلم میں پیغام دیا گیا ہے کہ بیٹیاں بھی بیٹوں کی طرح باہمت ہوتی ہیں اور وہ مشکل وقت آنے پر خاندان کا سہارا بنتی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے تکیہ کلام ’آپ نے گھبرانا نہیں‘ پر جہاں اب فلم بن رہی ہے، وہیں اس پر کئی مزاحیہ ویڈیوز اور میمز بھی بن چکی ہیں۔ اس سے پہلے گلوکار سعد علوی نے ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ نامی ایک گانا 8 مارچ کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا تھا جو فوری وائرل ہوگیا تھا۔ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر ایک مصرع کے بعد عمران خان کی آواز میں کہے گئے الفاظ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ موسیقی کے ساتھ سنائی دیتے ہیں۔

Back to top button