مریم نواز کا فون کونسی ایجنسی ٹریک کر رہی ہے؟

مریم نواز کی ٹیلیفونک گفتگو کی ایک اور آڈیو لیک ہونے کے بعد یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ ان کے فون کی ٹریکنگ انٹیلی جنس بیورو کررہی ہے یا آئی ایس آئی؟ 21 دسمبر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز کی پیشی کے روز جاری ہونے والی لیک شدہ آڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ انہوں نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان اور دنیا گروپ کے مالک میاں عامر سے کیا گفتگو کی ہے؟
یاد رہے کہ اس سے پہلے مریم نواز پر یہ الزام عائد کیا جاتا تھا کہ وہ جب بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت پر آتی ہیں تو کوئی نہ کوئی جج مخالف آڈیو یا ویڈیو جاری کر دی جاتی ہے لیکن 21 دسمبر کے روز الٹ کام ہوا اور مریم نواز کی ایک ٹیلیفونک گفتگو کی آڈیو جاری کر دی گئی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے جاری ہونے والی اس آڈیو سے تاثر ملتا ہے کہ اسکے لیک کرنے میں حکومتی ایجنسی انٹیلی جنس بیورو کا کردار ہے۔ نیب کی جانب سے دائر کردہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر ایک صحافی نے مریم نواز سے اس بارے سوال پوچھا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
یاد ہے کہ اس سے قبل بھی ان کی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی اور مریم نے تسلیم کیا تھا کہ اس میں سنائی دینے والی آواز انہی کی ہے۔اپنی تازہ لیک ہونے والی مریم آڈیو لیک میں مریم کسی سے کہہ رہی ہیں کہ دیکھی آپ نے میری میڈیا مینجمنٹ، جیو اور دنیا ٹی وی نے ان کی ایسی تیسی پھیر دی ہے۔
عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ مریم صفدر کی ایک اور آڈیو لیک ہو گئی ہے۔ا نہوں نے لکھا کہ میں نے کہا تھا نہ آپ خود بے نقاب ہوں گی اور جھوٹ بولنے والا ہمیشہ خسارے میں رہتا ہے۔ شہباز گل کی شئیر کی گئی اس آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ مریم نواز کسی سے کہہ رہی ہیں کہ مجھے جیو والوں سے خود بات کرنا پڑی کیونکہ ویسا نہیں ہو رہا تھا جیسا ہم چاہتے تھے، پھر میں نے میر شکیل الرحمان اور میاں عامر محمود سے ذاتی طور پر خود بات کی۔
مریم اپنی لیکڈ آڈیو میں یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ میں نے ان سے کہا یہ زیادتی ہے، آپ دونوں طرف کے فیکٹس دکھائیں۔ عمران خان نے بغیر تصدیق جھوٹ بولا۔ اسی جھوٹ کو عمران نے ناصرف دہرایا بلکہ دس باتیں گھڑ لیں۔ مبینہ آڈیو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے میر شکیل کے بعد میاں عامر سے بھی یہی کہا، انہوں نے جواب میں کہا کہ دیکھیں میں ان کیساتھ کیا سلوک کرتا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے ہم نے اسے آج جھوٹا ثابت کر دیا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مریم نواز کی میرشکیل اور میاں عامر کے ساتھ یہ گفتگو کس پیرائے میں ہو رہی تھی۔ تاہم اس آڈیو میں سکینڈل والی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔
