شاہد آفریدی کی پہلی بارپانچوں بیٹیوں کیساتھ ٹی وی شو میں شرکت

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی پہلی بارپانچوں بیٹیوں کیساتھ ٹی وی شو میں شرکت کی ہے، جس پران کے مداح خوشی سے نہال ہوگئے۔
عید الفطر کے موقع پر نجی ٹی وی سما کے شو کے دوران شاہدآفرید ی اوران کی صاحبزادیوں نے کھل کر باتیں کیں، انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ان کا بہت خیال رکھتے ہیں، وہ جب بھی جو چیز مانگتی ہیں، انہیں وہ مہیا کردی جاتی ہے،انہوں نے نے شکوہ کیا کہ والد روایتی انداز میں عیدی نہیں دیتے، البتہ جب بھی جتنے پیسے مانگے جاتے ہیں، والد انہیں دے دیتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی پانچوں بیٹیوں میں سے اقصیٰ کو کرکٹ بہت پسند ہے اور وہ کرکٹ پر تبصرے بھی کرتی ہیں، باقی دوسری صاحبزادیاں کرکٹ کو زیادہ نہیں سمجھتیں۔
شو میں شاہد آفریدی کی سب سے کم عمر بیٹی نے والد کی نقل بھی اتاری اور دکھایا کہ جب ان کے والد میچ کے دوران وکٹ لیتے ہیں تو وہ کیا انداز اپناتے ہیں؟ان کی چوتھی بیٹی نے بتایا کہ انہیں جو عیدی ملتی ہے، وہ اسے جمع کرکے اپنی بڑی بہنوں کو دعوت دے دیتی ہیں۔
شاہد آفریدی کی بیٹی اقصیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں گھومنے کا بہت شوق ہے مگر وہ دبئی میں پوری زندگی بھی گزار سکتی ہیں، جبکہ دوسری صاحبزادی نے کہا کہ انہیں ترکی جانے کا شوق ہے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کی بیٹی یا اہلیہ نے شاہین آفریدی کو عیدی بھجوائی ہے یا نہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ انہوں نے یا تو بھجوا دی ہوگی یا بھجوانے کی تیاریوں میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے بچے بہت ہوشیار ہیں، تمام چیزیں خود ہی کرلیتے ہیں اور والدین کو بولتے ہیں کہ انہیں کسی چیز کو کچھ علم نہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع تھا کہ شاہد آفریدی پانچوں صاحبزادیوں کے ہمراہ کسی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئےتھے،اس سے قبل وہ بعض پروگرامات میں مختصر وقت کے لیے ایک یا دو بیٹیوں کے ہمراہ دکھائی دیئے تھے، تاہم انکی اہلیہ شریک نہیں ہوئیں، البتہ شاہد آفریدی کی کم سن بھانجی بھی شریک ہوئیں، انہوں نے سال 2000 میں نادیہ شاہد سے شادی کی تھی۔
یاد رہے کہ کرکٹر شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں اور کے نام اقصیٰ، انشا ،عروہ، عجوہ اور اسمارہ ہیں ، جن میں سے سب سے بڑی صاحبزادی اقصیٰ کی انہوں نے گزشتہ برس کرکٹر شاہین آفریدی سے منگنی کردی تھی،ان کی سب سے کم عمر بیٹی 2 سال کی ہیں، جن کی پیدائش فروری 2020 میں ہوئی تھی۔
سابق کپتان شاہد آفریدی اور ان کی تمام صاحبزادیوں کو پہلی بار ٹی وی اسکرین پر دیکھنے پر جہاں ان کے مداح خوش دکھائی دیئے، وہیں کرکٹ کے مداحوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔
