شاہ رخ خان نے پاکستانی ڈیزائنر کا لباس زیب تن کر لیا

بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے دیوالی کے لیے ٹی وی اشتہار کے دوران پاکستانی ڈیزائنر کا لباس زیب تن کر لیا جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
برطانوی چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کیڈبری نے یہ اشتہار دیوالی کے موقع پر جاری کیا جس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کی مدد تھا ، کیڈبری نے شاہ رخ کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر منتخب کیا ہے۔
اشتہار میں دکھایا گیا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگنے والے لاک ڈاؤن نے بھارت میں بھی چھوٹے کاروباری افراد کو متاثر کیا۔ اشتہار میں ایک دکاندار کہتے ہیں کہ یہ لاک ڈاؤن میری زندگی کا ایک مشکل وقت تھا ، میرا مطلب ہے کہ میں نے برا وقت تو پہلے بھی دیکھا ہے لیکن یہ وقت بدترین تھا۔
اشتہار میں کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کرنے کے لیے انہوں نے ’بھارت کے سب سے بڑانڈ ایمبیسیڈر‘ شاہ رخ خان کو ان کاروباری افراد کا برانڈ ایمبیسیڈر بنا دیا ہے۔
شاہ رخ نے ویڈیو میں جو سفید رنگ کی رائل جیکٹ پہنی ہوئی ہے وہ پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کی تیار کردہ ہے ، جیکٹ پر فلورل موٹفز اور جیومیٹریکل اشکال بنائی گئی ہیں ، شاہ رخ خان کے پاکستانی ڈیزائنر کا انتخاب کرنے کی اطلاع خود فراز منان نے دی ، اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اسٹوری میں لکھا کہ ’جی ہاں، شاہ رخ نے فراز منان کا انتخاب کیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی سرحد پار فنکاروں کی جانب سے فراز منان کے تیار کردہ لباسوں کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے۔
