شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ممبئی کورٹ سے بھی ضمانت نہیں ہو سکی ، عدالت کل ضمانت کیس کی دوبارہ سے سماعت کرے گی۔ درخواستِ ضمانت پر آریان خان کی ممبئی ہائی کورٹ کا جسٹس سامبرے کی سربراہی میں سنگل بینچ 26 اکتوبر سے سماعت کر رہا ہے۔
آریان خان سمیت دیگر ملزموں کی درخواستوں پر دوسرے روز 27 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں بھی وکلا کے دلائل مکمل نہیں ہو سکے جس کے باعث عدالت نے 28 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔
آریان خان سمیت گرفتار دیگر ملزموں کی درخواستوں پر سنگل بیچ 26 اکتوبر سے سماعت کر رہا ہے اور 27 اکتوبر کو بھی شاہ رخ خان کے بیٹے سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے وکلا نے دلائل دیے۔
عدالت کی سماعت دوپہر کو شروع ہوئی اور شام گئے تک جاری رہے مگر وکلا کے دلائل مکمل نہ ہونے پر سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
اسی حوالے سے خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ آریان خان ان کی ساتھی ماڈل منمن دھمیچا اور ساتھی ارباز مرچنٹ کے وکلا 28 اکتوبر کو مزید دلائل دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 28 اکتوبر کو عدالت سہ پہر تین بجے سماعت شروع کرے گا اور امکان ہے کہ کل شام تک تمام وکلا کے دلائل مکمل ہوجائیں گے۔
گزشتہ دو دن سے جاری سماعتوں کے دوران انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) کے وکلا نے آریان خان سمیت تمام ملزمان کی ضمانت کی مخالفت کی ہے۔
آج ہونے والی سماعت سے قبل ماڈل منمن دھمیچا کے وکیل کاشف خان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی موکل تو ماڈلنگ شو کے سلسلے میں اپنے ایک صارف سے بات کرنے کے لیے کروز پارٹی میں گئی تھیں۔
منمن دھمیچا کے وکیل کی طرح آریان خان کے وکلا بھی عدالت کو بتا چکے ہیں کہ ان کے موکل کو نارکوٹکس فورس نے کروز میں داخل ہونے سے قبل گیٹ پر ہی گرفتار کرلیا تھا اور ان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، بس انہیں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
آریان خان کی ضمانت کے لیے ان کے وکلا نے 20 اکتوبر کوممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر 21 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان تھا، تاہم 21 اکتوبر کو سماعت نہ ہوسکی، جس کے بعد 26 اکتوبر کو کیس کی سماعت ہوئی۔
اس سے قبل ممبئی کی سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت درخواست مسترد کردی تھی، جب کہ اس سے قبل میٹروپولیٹن کورٹ نے ان کی درخواست 7 اکتوبر کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کا عدالتی ریمانڈ 21 اکتوبر کو مکمل ہوا تھا جس کے بعد عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 30 اکتوبر تک جیل میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔آریان خان کو تین اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا ، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
