شوبز کی وہ بہوئیں جنہیں اپنے سسر پر ناز ہے

عام طور پر شادی شدہ لڑکیوں کو اپنی ساس سے ہر وقت شکایت رہتی ہے، لیکن سسر کے بارے میں وہ اکثر اچھی رائے ہی رکھتی ہیں، پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی ایسی کئی بہوئیں ہیں جن کے سسر کی بدولت انہیں ایک اچھا شوہر مل گیا۔
اداکارہ سجل علی کی شادی حال ہی میں آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر سے شادی ہوئی۔ سوشل میڈیا صارفین اس خوبصورت جوڑی پر رشک کر رہے ہیں۔ شادی کی تصاویر سے سجل علی اور احد رضا کی باہمی محبت کا اندازہ ہورہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ احد کے گھر میں آصف رضا میر کی سب سے بڑی فین خود سجل ہیں۔ آصف رضا میر کی کوئی بیٹی نہیں اور یوں سجل کی صورت میں انہیں ایک بیٹی بھی مل گئی ہے۔ان کی محبت اور بے حد شفقت بھری تصاویر اور انداز بتاتا ہے کہ سجل اور ان کے سسر آصف رضا میر کی جوڑی خوب جمنے والی ہے اور کوئی دے نا دے لیکن سسر تو اپنی بہو کا ہی ساتھ دیں گے۔
ماضی کی نامور اداکارہ دیبا کی بیٹی مدیحہ رضوی کا تعلق بھی شوبز سے ہے اور وہ بہت سے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کی شادی اپنے دوست حسن نعمان سے ہوئی جو کہ خود بھی ایک اداکار ہیں اور مشہور اداکار رشید ناز کے صاحبزادے ہیں، رشید ناز ایک کمال آدمی ہیں جن کو بظاہر بہت سخت مزاج مانا جاتا ہے لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، ان کی تربیت اتنی اچھی ہے کہ مدیحہ رشک کرتی ہیں، کیوں کہ مدیحہ کے شوہر حسن نعمان ہر طرح سے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں بیٹیوں کی پرورش میں اور دیگر کاموں میں، یہ سب کچھ اس لئے ممکن ہوا کیوں کہ رشید ناز کی تربیت میں بیٹیوں اور بہو کی عزت سب سے پہلے ہے۔
معروف اداکارہ حرا مانی کی شادی سینئر اداکار ثاقب شیخ کے صاحبزادے سلمان ثاقب یعنی مانی سے ہوئی۔یہ ایک محبت کی شادی تھی اور مانی کی لاابالی طبیعت کو دیکھتے ہوئے حرا کے والدین اس رشتے کے لئے قطعی راضی نہیں تھے کیوں کہ ان کی بیٹی اکلوتی اور کافی لاڈلی تھی۔انہیں مانی ایک لابالی اور بے کار نوجوان لگا اپنی بیٹی کے لئے ۔لیکن جب مانی اپنے والد ثاقب شیخ کے ساتھ گئے تو رشتہ فوراً پکا ہوگیا۔ اس کی وجہ تھی ثاقب شیخ کی محبت بھری سنجیدہ شخصیت۔ حرا نے بھی اپنے سسر کے ساتھ ہمیشہ محبت اور پیار کے ساتھ زندگی گزاری اور ان دونوں کی جوڑی کو بھی ایک مثالی سسر اور بہو کی جوڑی مانا جاتا تھا۔
انڈسٹری میں تو ویسے بھی بہروز سبزواری کو بہترین باپ مانا جاتا ہے لیکن جب اس باپ نے اپنی بہو تلاش کی تو یہ عہد کیا کہ وہ ہمیشہ اس کو پیار اور محبت کے ساتھ رکھیں گے۔ جب تک سائرہ کی شادی قائم رہی انہوں نے اپنے ساس اور سسر کی ہمیشہ تعریف ہی کی اور سسر کے ساتھ تو ایک فلم میں کام بھی کیا۔ان دونوں کی جوڑی میں خاص بات یہ تھی کہ سائرہ کو اپنے بیٹے کے لئے پسند کرنے والے بھی خود سسر ہی تھے اور تنہائیاں ٹو کے فورا بعد ہی انہوں نے دونوں کی بات پکی کردی تھی۔ یوں تو اس جوڑی میں علیحدگی ہو چکی ہے لیکن سائرہ کے سسر بہروز آج بھی اپنی بہو کو اسی طرح چاہتے ہیں۔

