شیخ رشید نے میری وجہ سے ابھی تک شادی نہیں کی

ماضی میں شیخ رشید سے شادی کے سوال پر انہیں بھائی قرار دینے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اب یہ دعوی کیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان کی وجہ سے شادی نہیں کی۔
حریم شاہ نے بتایا کہ اب اگرچہ وہ بہت مشہور اور مصروف ہوگئی ہیں مگر انہیں اب بھی اپنا بچپن اور گاؤں یاد آتا ہے۔ حریم نے بتایا کہ ان کے دوست ہی ان کے دشمن ہیں، وہ جتنی اچھائی دوستوں کے ساتھ کرتی ہیں، وہ اتنا ہی ان کےلیے برا سوچتے ہیں اور ان کے دوست آستین میں چھپے سانپوں کی طرح ہیں۔ تاہم انہوں نے ان دوستوں کے نام نہیں بتائے جو چھپے سانپ ہیں۔ جب پوچھا گیا کہ کیا انہیں کسی سے جان کا خطرہ ہے تو حریم نے واضح طور پر کسی کا نام نہیں لیا، البتہ یہ ضرور کہا کہ انہیں دوستوں سے ہی سب سے ذیادہ خطرہ ہے۔ معروف شخصیات کی ویڈیوز وائرل کرنے کے بعد زندگی کو لاحق خطرات اور اپنی حفاظت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں حریم شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دراصل ان کے محافظ شیخ رشید ہیں۔ ٹک ٹاک اسٹار نے ذو معنی جملوں میں بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ نہ صرف ان کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ شیخ صاحب نے تو ان کی وجہ سے شادی بھی نہیں کی۔ شادی کے سوال پر حریم شاہ نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور جب ان کی شادی ہونے ہوگی تو ہوجائے گی۔ لیکن انکا کہنا تھا کہ فوری طور پر ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ فی الحال ان کے ارادے کچھ اور ہیں اور دوسری بات یہ کہ ان کی شادی کی عمر گزر چکی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ رومانوی شخصیت کی مالک ہیں اور ان کا دل بہت پیارا ہے، وہ کسی کےلیے برا نہیں سوچتیں۔
یاد رہے کہ حریم شاہ کا اصل نام فضہ حسین ہے اور ان کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل اوگی سے ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں حریم نے بتایا تھا کہ وہ (Comparative Religions) میں ایم فل کر رہی ہیں۔ ان کی چار بہنیں اور تین بھائی ہیں جب کہ ان کے والدین دونوں سرکاری افسران ہیں۔ حریم کے مطابق ان کے اہل خانہ بہت سخت ہیں اور انہیں بالکل سپورٹ نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ حریم کے والد محکمۂ جنگلات میں گارڈ کی حیثیت سے ملازم تھے، جب کہ ان کے چچا ایک اسکول میں بطور چپڑاسی کام کرتے ہیں اور ان کی والدہ ایک قریبی گاؤں کے پرائمری اسکول میں استانی ہیں۔
حریم نے مقامی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، ان کی شادی اپنے خالہ زاد سے ہوئی تاہم یہ زیادہ عرصہ نہیں چل سکی، اس شادی سے ان کی ایک بچی بھی ہے۔ یاد رہے کہ حریم شاہ اور صندل خٹک کے صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان کے ساتھ اور نیوز اینکر مبشر لقمان کے ذاتی جہاز کے سامنے فلمائی گئی ویڈیوز اور پھر معافی تلافی کے قصے تو وائرل ہوئے ہی تھے، لیکن اصل چنگاری اس وقت بھڑکی جب وزارت خارجہ کے دفتر میں وزیر خارجہ کی کرسی پر بیٹھے ہوئے ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس کے پس منظر میں بھارتی گانا چل رہا تھا۔ اس ویڈیو کے بعد ہر طرف سے شور اٹھنے لگا کہ آخر یہ حریم شاہ ہیں کون اور انہیں کس نے اتنے اہم دفتر میں جانے اور وہاں ویڈیو بنانے کی اجازت دے ڈالی؟
اس حوالے سے حریم شاہ نے جواب دیا تھا کہ بغیر اجازت تو کوئی کسی کے گھر بھی نہیں جاتا، وہ مجاز افسر سے اجازت لے کر دفتر خارجہ گئی تھیں۔ ویڈیوز کا یہ سلسلہ جاری و ساری تھا کہ حریم شاہ نے اچانک سے سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر شیخ رشید کی ایک مبینہ ویڈیو جاری کرکے افواہوں اور قیاس آرائیوں کا بازار گرم کر دیا۔ شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ بظاہر شیخ رشید کی کوئی ’نامناسب‘ ویڈیو عام کرنے کی دھمکی دیتی ہیں، جس پر شیخ صاحب فوراً فون کاٹ دیتے ہیں۔ اس ویڈیو پر تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، جس پر حریم شاہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف پوسٹیں لگانا بند نہ کیں تو وہ ’خان صاحب‘ کی ویڈیو بھی جاری کر دیں گی۔
اگرچہ انہوں نے فوراً یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی تھی لیکن بہت سے لوگوں نے اس کا اسکرین شاٹ لے لیا اور یہ ٹوئٹر پر گردش کرنے لگا۔ جس اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ کی گئی تھی، وہ اس کے بعد کچھ عرصے کےلیے غیر فعال ہوگیا تھا۔ ویسے تو حریم شاہ کے نام سے ٹوئٹر پر کئی اکاؤنٹ موجود ہیں، لیکن اس اکاؤنٹ سے وہ ویڈیوز شیئر کی جاتی رہی ہیں، جو ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر بھی موجود نہیں ہیں۔ حریم شاہ اس سے قبل خود کو پی ٹی آئی کا سپورٹر کہتی رہی ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ان کی ایک تصویر بھی انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہوں نے وزیراعظم کے کاندھے پر ہاتھ رکھا ہوا تھا۔
ایک انٹرویو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کی سپورٹر ہیں، اسی لیے ان کے رہنماؤں کے ساتھ ہی ویڈیوز بناتی ہیں۔ ’ہم ان کے دشمن نہیں ہیں۔ خان صاحب کو ووٹ دیا تھا، کل بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں۔‘
