شیر کا شکار آسان نہیں، ہمیں ہرائیں، ہار تسلیم کرینگے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم کے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) ہار تب تسلیم کرے گی جب اس کو ہرایا تو جائے، شیر کا شکار کرنا آسان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ شیر کو ہرانے کیلئے جو ہتھکنڈے آپ نے آزمائے، ان کی داستان بھی سامنے آنے والی ہے، انتظار فرمائیں اور یاد رکھیے مسلم لیگ ن اپنا اور این اے 249 کے عوام کا حق واپس لے کر رہے گی۔
علاوہ ازیں مریم نوازنے این اے 249 کا نتیجہ چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کیا یہاں بھی دھند چھا گئی تھی جو عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا؟ ہمیں بیوقوف سمجھ رکھا ہے کیا؟ یہ سیٹ جلد واپس مسلم لیگ ن کے پاس آئے گی۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری این اے 249 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا شور مچانے والوں پر برس پڑے اور کہا کہ دھاندلی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ خاموش ہوجائیں۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ان کا شوق ہے اپوزیشن سے اپوزیشن کرنا، ان کا شوق ہے پیپلز پارٹی سے مقابلہ کرنا ، تو کرو اور ہارو۔
بلاول بھٹو نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کراچی میں ڈسکہ کی طرح نہ دھند تھی نہ پولنگ افسر غائب ہوئے ، ڈسکہ ٹو کا شور مچانے والے بتائیں ڈسکہ کی طرح فائرنگ کہاں ہوئی؟ شاہد خاقان عباسی آر او آفس میں موجود تھے اور اپنی ہار دیکھ رہے تھے۔بلاول نے مزید کہا کہ کون سی جماعت مکمل سلیکٹڈ ہے؟ اور وہ اب ہمیں لیکچر دے گی، ن لیگ کے دوستوں کو شکست کو تسلیم کرنا سیکھنا چاہیے۔پریس کانفرنس میں بلاول نے کہا کہ اپوزیشن کی کنفیوز جماعتوں کو اپنا راستہ چننا ہوگا، اسٹیبلشمنٹ، پہلے سلیکٹڈ اور دوسرے سلیکٹڈ سب سے لڑنے کو تیار ہیں، پی ڈی ایم میں ایسے دوست ہیں جو عمران خان کو نہیں ہٹانا چاہتے۔
