بشری انصاری کی بہن کے بعد ماں کی حالت بھی تشویشناک

اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کے وینٹی لیٹر پر منتقل ہونے کے بعد اب انکی والدہ کی طبعیت بھی خراب ہو گئی تھی اور اب ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ بشریٰ کی والدہ معروف صحافی احمد بشیر مرحوم کی اہلیہ ہیں۔
یاد رہے کہ بشریٰ کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کو پہلے ہی کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کیا جا چکا ہے اور ان کی حالت کو نازک قرار دیا جا رہا ہے۔ سنبل کی تشویشناک حالت کا صدمہ ان کی والدہ سے برادشت نہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید علیل ہوگئیں اور اب انکی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ اب بشریٰ انصاری نے اپنی والدہ اور بہن سنبل کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی والدہ اور بہن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ بشریٰ نے لکھا کہ ‘میری پیاری بہن سنبل اور والدہ محمودہ بشیر دونوں بیمار ہیں’۔ بشریٰ نے لکھا کہ ‘انہیں اس حالت میں دیکھنا بہت مشکل اور تکلیف دہ ہے، اللہ رحم کرے’۔ دوسری جانب بشری اور سنبل کی دیگر بہنوں نے بھی مداحوں سے سنبل اور والدہ کے لیے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔ بشریٰ نے کرونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بشری نے لکھا کہ ‘میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں’۔ بشریٰ نے مزید لکھا کہ ‘جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کےلیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ’۔ بشریٰ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ ‘چار چاند سلامت رہیں آمین’۔
قبل ازیں سنبل شاہد کی بہن اور اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔ اسما نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ‘میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کےلیے دعا کریں’۔ اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی۔ دوسری جانب اداکار اسد صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں مداحوں سے سنبل شاہد کی صحتیابی کی اپیل کی۔ اسد نے لکھا کہ ‘آپ سب سے درخواست ہے کہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن سنبل شاہد کی صحتیابی کےلیے دعا کریں’۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ‘وہ وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ ہم سبکو محفوظ اور تندرست رکھے’۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا۔ بشریٰ نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ‘میری پیاری بہن سنبل ان دنوں کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں’۔۔ خیال رہے کہ اداکارہ سنبل شاہد نے اپنے جواں سال بیٹے کو چترال میں پیرا گلائڈنگ کرتے ہوئے کھونے کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ سنبل شاہد کے بیٹے شیراز ناصر ایک معروف پیرا گلائڈر تھے، وہ اگست 2019 میں وادی چترال میں پیرا گلائڈنگ کے دوران تیز ہوا کے باعث حادثے کا شکار ہوکر پہاڑوں سے گر پڑے تھے، جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ لگی، بعدازاں وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر گئے تھے۔ ان کی والدہ سنبل شاہد نے اپنے بیٹے کی جدائی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
