شادی ناکام ہو جائے تو رونے کی کیا بات ہے؟


ناکام ازدواجی زندگی کا شکار ہونے والی اداکارہ جویریہ عباسی کا کہنا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ خواتین اپنی علیحدگی پر روتی کیوں ہیں اور یہ کیوں کہتی ہیں کہ سنگل مدر ہونا بہت مشکل کام ہے، انکا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں یہ تصور کیا جاتا ہے کہ ہر خاتون کا ایک شوہر ہونا ضرورری ہے اور بچے پالنا مرد ہی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں ایک اداکارہ ہوں، اچھا کماتی ہوں، اور میرا طرز زندگی بہت اچھا ہے، تو میں اپنی اولاد کی بھی بہت اچھے طریقے سے پرورش کرسکتی ہوں اور مجھے کسی مرد کے سہارے کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ دو سال قبل ایک انٹرویو میں اس سے مختلف بات کرتے ہوئے جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے سابق شوہر شمعون عباسی سے علیحدگی پر بے حد افسوس ہے اور یہ بات ہمیشہ ان کے لیے تکلیف کا باعث رہے گی۔ شمعون کی شخصیت کے بارے میں جویریہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ میری بیٹی عنزیلہ کے والد ہیں۔ اپنی علیحدگی کی وجوہات پر جویریہ کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی زندگی کے مقاصد الگ الگ تھے جس وجہ سے انہوں نے علیحدگی اختیار کرنا ہی مناسب سمجھا۔ تاہم حال ہی میں ایک ویب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جویریہ نے بیٹی کی تنہا پرورش کے تجربے سے متعلق گفتگو کی اور اس دقیانوسی سوچ کو رد کیا کہ سنگل مدرز کو ہمیشہ چیلنجنگ صورت حال کا سامنا ہوتا ہے اور وہ بچوں کو اکیلے نہیں پال سکتیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہر کوئی یہ کیوں کہتا ہے کہ سنگل مدر ہونا مشکل ہے، یہ ایک بہت پُرجوش چیز ہے’۔ جویریہ عباسی نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں یہ غلط طور پر مانا جاتا ہے کہ آپکا ایک شوہر ہونا ضروری ہے۔ جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی بہت اچھی پرورش کی ہے، اور وہ بہت اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کام کررہی ہے، اور میں بہت خوش ہوں کہ وہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہے، آپ کو زندگی میں اور کیا چاہیے ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بیٹی کے لیے اس سے بہتر نہیں کرسکتی تھی اور میں نے اسکے لیے اپنی بہترین کوشش کی ہے۔ انہوں نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ ایک برے تعلق کو گھسیٹنے کی بجائے چھوڑ کر روشن راستوں کی جانب دیکھیں۔ جویریہ کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ علیحدگی پر روتے کیوں ہیں، اگر ایسا ہوگیا ہے تو اس پر رونا بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ آپکو شادی نہیں کرنی چاہیے یا شوہر سے الگ ہوجانا چاہیے لیکن بدقسمتی سے ایسا ہوگیا ہے تو پھر اپنی زندگی جیئیں۔ جویریہ عباسی نے کہا کہ اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ ایک خراب تعلق کو چھوڑ کر خود سے تعلق بنائیں اور اپنی زندگی جیئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے والدین، بہن بھائیوں، شریک حیات، بچوں کے ساتھ تعلقات بناتے ہیں لیکن کبھی بھی خود سے تعلق نہیں بناتے ہیں، جب ایک انسان حقیقت میں خود کو تلاش کرلیتا ہے، اور اپنے آپ کو سمجھ لیتا ہے تو زندگی زیادہ آسان ہوجاتی ہے۔
یاد رہے کہ جویریہ عباسی نے 1997میں اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی سے شادی کی تھی تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ان کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہے، جو اپنی والدہ اداکارہ جویریہ عباسی کے ساتھ رہتی ہیں۔
دوسری جانب شمعون عباسی اب تک تین شادیاں کر چکے ہیں۔ پہلی شادی اداکارہ جویریہ عباسی کے ساتھ کی جو زیادہ دیر نہ چل سکی۔ دوسری شادی اداکارہ و ماڈل عمائمہ ملک کے ساتھ کی جو 2012 تک قائم رہی۔ انہوں نے تیسری شادی 2013 میں ایک کنیڈین نژاد پاکستانی لڑکی جسکا نام بھی جویریہ ہے اور ابھی یہ شادی چل رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button