صبا قمر نے فلم انڈسٹری میں اپنا مقام کیسے بنایا؟

دس مرلے کا گھر، کورے گاڑی اور چند ادھوری خواہشیں۔۔۔ گوجرانوالہ کی ایک عام سی لڑکی کا یہ کل اثاثہ تھا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری، اس کا فن سچا تھا، لگن سچی تھی، اور آج وہ سپراسٹار ہے، وہ ”صبا قمر“ ہے، شوبز انڈسٹری کی مہنگی ترین اور مقبول ترین فنکارہ۔۔۔جن کے پاس دنیا کی ہر نعمت موجود ہے۔عالیشان بنگلہ، شاندار گاڑی، بنک بیلنس، اور خواہشوں کا کیا ہے، وہ تو کبھی پوری نہیں ہوتیں؟
لالی ووڈ میں ہی نہیں، بولی ووڈ میں بھی، اپنی بےساختہ اور فطری ایکٹنگ سے اپنے فینز کو مسحور کرنے والی یہ حسین ساحرہ اب اپنے امیج کے پیچھے بھی نہیں بھاگتی، دراصل صبا قمر نمبر ون کی دوڑ سے ہی نکل گئی ہیں ”لوگوں کی پرواہ کرنا، ہر ایک کو خوش رکھنا، یہ سب زندگی کو مشکل بنا دیتے ہیں، اس لئے اب میں صرف اپنے دل کی سنتی ہوں“
کیا اپنے خوابوں کی اسیر قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی ڈرامہ سیریل ”باغی“ نے صبا کو بھی ماحول سے باغی تو نہیں کر دیا؟ صبا اس سوال کا جواب بھی بڑے ” کھلے ڈُلے“ انداز میں دیتی ہیں۔ صبا کے بقول، ہاں مجھ میں بغاوت ہے لیکن میری امی کو لگتا ہے کہ میں ضدی ہوں، شاید اس لئے وہ مجھے کسی کام سے نہیں روکتیں۔ میرے گھر والے سب جانتے ہیں کہ جس کام سے مجھے روکیں گے، وہ تو مجھے ضرور کرنا ہے۔ صبا کی رائے میں عورت کمزور نہیں، وہ دنیا کا ہر کام کر سکتی ہے اور ہم کیوں چاہتے ہیں کہ عورت دب کر رہے؟ صبا آج جس مقام پر کھڑی ہیں، اس کے لئے انھوں نے دن رات جدوجہد کی ہے، اسی لئے آج ان کا ہر سین آن ہے۔ وہ لکس کی برینڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ تغمہءامتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس کے علاوہ کئی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔ قسمت کی اتنی دھنی ہیں کہ فلم ہو یا ڈرامہ، ایڈ ہو یا ریمپ واک، کامیابی کے لئےان کا نام ہی کافی ہے۔ صبا نے کیریئر کے ابتداء میں بعض شوز کی میزبانی بھی کی لیکن ان کا ٹی وی ڈیبیو 2005 میں ہوا۔ انھوں نے 2007 میں ڈرامہ ”جناح کے نام“ میں فاطمہ جناح کا کردار بھی نبھایا، تاہم انھیں شہرت رضیہ بٹ کے ناول ”بانو“ سے ماخوذ ڈرامہ سیریل ”داستان سے ملی، جس کی دیگر کاسٹ میں صنم بلوچ، احسن خان اور فواد خان شامل تھے۔
صبا نے اس کے بعد کئی ہٹ ڈرامے دیئے مثلاً ان کے ڈرامہ سیریلز اُڑان، مات، تنکے، جو چلے تو جاں سے گزر گئے، ڈائجسٹ رائٹر، بے شرم، میں منٹو اور چیخ کو کیسے بھلایا جا سکتا ہے۔ ان کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ”چیخ“ کو عربی زبان میں بھی ڈب کیا گیا ہے۔صبا کو ڈانس اور ڈرامے کا بچپن سے ہی شوق تھا اور وہ خود کو مادھوری ڈکشٹ سے کم نہیں سمجھتی تھیں۔ اگرچہ صبا کو بولی ووڈ فلم ”ہندی میڈیم“ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن وہ کردار کسی ڈانسنگ گرل کی بجائے ایک مڈل کلاس عورت کا تھا جو ایک بچے کی ماں ہوتی ہے اور جس کی زندگی کا واحد مقصد اپنے بچے کو انگریزی میڈیم میں تعلیم دلوانا ہوتا ہے۔ صبا کی لوکل فلموں میں لاہور سے آگے اور منٹو قابل ذکر ہیں۔ سرمد کھوسٹ کی آئندہ ریلیز فلم ”کملی“ میں بھی صبا کے کردار سے کافی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔
صبا کا کیریئر اگرچہ بہت طویل نہیں لیکن اس میں سے اگر جیو ٹی وی کا کامیڈی شو ”ہم سب امید سے ہیں“ نکال دیا جائے تو یہ ادھورا ضرور کہا جا سکتا ہے۔ اس ہفتہ وار شو میں صبا کی میمکری کمال کی تھی، بشریٰ انصاری کے بعد ان کا شمار پاکستان کی بہترین میمکری کرنے والی فنکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ ایسی ہی ہیں، کردار جیسے ان میں خود بخود ڈھل جاتے ہیں لیکن انھیں لگتا ہے کہ ابھی تو کام شروع ہوا ہے، شاید یہ بات وہ شادی کے سوال سے بچنے کے لئے کرتی ہیں؟ ویسے یہ سچ ہے کہ صبا کو شادی کی کوئی جلدی نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ شادی تو پچاس سال کی عمر میں بھی ہو سکتی ہے۔۔۔اور صبا کی ڈیٹ آف برتھ کے حساب سے وہ ابھی صرف 35 سال کی ہیں۔ صبا اکثر کہتی ہیں کہ عورت کے حوالے سے ہمیں اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، خصوصاً فنکار خواتین کے بارے میں تو پتا نہیں لوگ کیوں فوراً ہی کوئی رائے قائم کر لیتے ہیں۔۔۔بھئی آپ کسی کو کیسے جج کر سکتے ہیں؟ دوسروں کو نہ صرف جینے کا بلکہ اپنے فیصلے کرنے کا بھی حق دیں مگر یہاں ہر چہرے پر صرف سوال لکھا نظر آتا ہے۔ بہرحال جس کا جو ظرف ہے، اس نے وہی کرنا ہے۔ جتنا لوگ آپ کو ٹف ٹائم دیں گے، اتنے ہی آپ کامیاب ہوں گے۔ صبا کو جو لوگ قریب سے جانتے ہیں، ان کی رائے میں وہ عام زندگی میں بہت سمپل ہیں اور اپنے ہی جیسے لوگون سے ملنا پسند کرتی ہیں۔ وہ تقریبات میں بھی بہت کم جاتی ہیں البتہ کام کے حوالے سے اگر کوئی کمٹ منٹ کر لیں تو اسے ہر قیمت پر نبھاتی ہیں۔صبا کو یوں تو زندگی کے کئی اچھے برے لمحے یاد ہیں تاہم ایک فیشن شو کے دوران ریمپ پر گرنے کے واقعے کو وہ آج بھی نہیں بھولیں، جب وہ اپنی ہائی ہیل کی وجہ سے گرتے گرتے سنبھل تو گئیں لیکن اس کے بعد کافی عرصہ کام نہیں کر سکیں۔
جہاں تک فیشن کی بات ہے تو صبا کو میک اپ کا شوق نہیں اور نہ ہی لباس کے حوالے سے وہ جدید ٹرینڈز فالو کرتی ہیں۔ اگر شوٹنگ نہیں تو وہ آپ کو سادہ سے حلیے میں اپنی خوبصورت سفید بلی کے ساتھ کھیلتی یا اپنے پسندیدہ کھانے پکاتی ملیں گی!!
