عائزہ خان ’’جان جہاں‘‘ میں ہیرو کا کردار کیوں کر رہی ہیں؟

معروف اداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل ’’جان جہاں‘‘ میں ہیرو جبکہ حمزہ علی عباسی ہیروئن کا کردار ادا کر رہے ہیں، اب تک اس ڈرامہ کی 20 سے زائد قسطیں نشر کی جا چکی ہیں، اسی ڈرامے سے حمزہ علی عباسی نے چھوٹی سکرین پر واپسی بھی کی ہے، حمزہ علی عباسی نے اگست 2020 میں مختلف وجوہات کی بنا پر شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا اور تقریبا ساڑھے تین سال بعد انہوں نے شوبز میں واپسی کی، حال ہی میں عائزہ خان نے ایک انٹرویو میں’جان جہاں’ سے متعلق بات کرتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں ڈرامے میں کام کی پیش کش پہلی بار 2018 میں ہوئی تھی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ڈراما 2018 میں کیوں نہیں بن پایا لیکن انہیں پہلی بار 6 سال قبل ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور انہوں نے سکرپٹ پڑھتے ہی کام کی حامی بھرلی تھی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں شوٹنگ کے پہلے دن معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ حمزہ علی عباسی کو کاسٹ کیا گیا، اداکارہ نے کہا کہ انہیں حمزہ علی عباسی کے ساتھ کام کرکے اچھا لگ رہا ہے، اب دونوں تبدیل ہو چکے ہیں، اب نہ صرف ان کی شادیاں ہوچکی ہیں بلکہ ان کے بچے بھی ہوچکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ’جان جہاں‘ کی کہانی میں مزید تبدیلیاں آئیں گی اور دیکھنے والے حیران ہوں گے، ڈرامے میں ایک طرح سے وہ ہیرو جب کہ حمزہ علی عباسی ہیروئن کے طور پر دکھائی دیں گے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے دلیل دی کہ وہ اس لیے خود کو ہیرو کہہ رہی ہیں، کیوںکہ ڈرامے میں وہ ہر وقت حمزہ علی عباسی کو بچاتی دکھائی دیتی ہیں، ’’جان جہاں‘‘ کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں، اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے جبکہ ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

Back to top button