عام انتخابات میں 2روز باقی ،بیلٹ پیپرز کی چھپائی کاعمل مکمل

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے کے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ملک بھر میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق تمام 859 انتخابی حلقوں کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تینوں سرکاری پریس اداروں میں مکمل کر لیا ہے، ایسے حلقے جہاں عدالتی فیصلوں کے مطابق دوبارہ چھپائی کرانا پڑی، ان حلقوں کے بھی بلیٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کر لیا گیا ہے، پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔2018 کے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہواتھا جبکہ 2024 کے عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جس پر 2,170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق زیادہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہے جو کہ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے عمل کے دوران مختلف مراحل میں کئی چیلنجز سامنے آئے، چیلنجز میں عدالتی مقدمے اور امیدواروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
