عمران خان کا موازنہ جنت مرزا سے کیوں ہونے لگا؟

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹک ٹاک پر بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں، اکاوئنٹ بننے کے 36 گھنٹوں کے اندر 30 لاکھ سے زائد فالوورز نے ان کے اکائونٹ کو فالو کیا ہے، تاہم یہ اعداد و شمار ایک تنازعے کو بھی جنم دے رہے ہیں۔9 مئی کو فوجی املاک اور تنصیبات پر حملوں کے بعد ملک کے مقامی ذرائع ابلاغ پر غیراعلانیہ پابندی کا سامنا کرنے والے چیئرمین تحریک انصاف کے لیے سوشل میڈیا کوئی نئی چیز نہیں، تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ’ٹک ٹاک پر صرف 26 گھنٹوں میں دو ملین فالوورز، ہم حقیقی معنوں میں عمران خان کے دور میں جی رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سوشل میڈیا لیڈ جبران الیاس کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک برانڈ ہیں اور وہ جلد دوبارہ پاکستانیوں کے وزیراعظم بن جائیں گے، عمران خان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بننے کے بعد ایک جانب جہاں ملک میں آئندہ انتخابی مہم میں سوشل میڈیا بشمول ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم کی اہمیت پر بات ہو رہی ہے وہیں ایک دلچسپ پہلو جنت مرزا سے سابق وزیراعظم کے مقابلے کا بھی ہے۔
عمران خان نے 18 جولائی کو ایک ویڈیو پوسٹ کر کے ٹک ٹاک پر شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا، 24 سیکنڈ کی اس ویڈیو کا عنوان تھا کہ میری سوشل میڈیا کی ٹیم نے مجھے ٹک ٹاک پر زبردست کلپس دکھائے جو نوجوانوں، حتی کہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والوں، نے بنائے ہیں، میں نے یہ پلیٹ فارم جوائن کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ آپ سب سے رابطہ قائم کر سکوں۔
امریکہ میں مقیم سوشل میڈیا لیڈ پی ٹی آئی جبران الیاس نے اسے ٹک ٹاک پر عمران خان کا ’گرینڈ ویلکم‘ قرار دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم ایک برانڈ بن چکے ہیں، آئندہ الیکشن میں ٹک ٹاک ’ڈور ٹو ڈور کیمپین کا متبادل ہوسکتی ہے جہاں ایک طرف عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کی تیزی سے بڑھتی فالوونگ کو سراہا جا رہا ہے وہیں بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیر اعظم کے فالوورز اور ویوز جعلی اکاؤنٹس یا بوٹس کا نتیجہ ہے۔
ماضی میں عمران خان کی سوشل میڈیا سے منسلک رہنے والے فرحان ورک کہتے ہیں کہ پاکستان میں کل ٹک ٹاک آڈینس 41 ملین ہے۔ پھر انھوں نے 100 ملین ویوز کیسے حاصل کر لیے؟ اس کا ایک ہی طریقہ ہوسکتا ہے، وہ آپ سب جانتے ہیں، سوشل میڈیا پر بعض لوگ عمران خان کا موازنہ مشہور انفلوینسر جنت مرزا سے کر رہے ہیں، فہمیدہ نامی صارف نے کہا کہ عمران خان جنت مرزا کا مشکل وقت دیں گے، صحافی بلال غوری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر مسخر اُڑایا جا رہا ہے لیکن جب سوشل میڈیا محاذ جنگ بن گیا تو سب سیاسی جماعتوں کوسوشل میڈیا سیل بنانا پڑے۔
مقدس نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پی ٹی آئی کی الیکشن کمپین اور عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صحر انورد نے کہا کہ اگر کوئی عمران خان کا ٹک ٹاک پر آنے کا مذاق اُڑا رہا ہے تو اس کے ثمرات بھی آنے والے دنوں میں دیکھ لیجئے گا، پاکستان کے 90 فیصد صارفین ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں، ایک ماہ کے اندر ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ مشہور سیاستدان ہوگا اور اس کا پروپیگنڈا ہر ہاتھ میں موجود فون کے ذریعے لوگوں تک پہنچے گا۔
رائے ثاقب کھرل نے اپنی رائے دی کہ عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا شور ہے ہر طرف ہے، ہو سکتا تھا ویوز وغیرہ میں کوئی فنکاری ہو لیکن جب پانچ لاکھ بتیس ہزار کمنٹس اور تقریبا تین لاکھ شیئرز دیکھے تو کافی سارے سوالوں کے جواب مل گئے، سیف اعوان نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے آئندہ الیکشن کے بیلٹ پیپر پر ایک خانہ ٹک ٹاک کے وزیراعظم کے لیے لازمی رکھے جس میں ملک بھر سے صرف دو امیدوار ہوں، جنت مرزا اور عمران خان۔
