غیر جمہوری قوتیں سازشیں کرنے سے باز آ جائیں

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) حقیقی اور عوامی نمائندہ، جمہوریت پسند تحریک چلانے جارہی ہے اور اس کے خلاف سازشی اور غیر جمہوری طاقتوں کی جانب سے جان بوجھ کر میڈیا کے ذریعے سازشیں پھیلائی جارہی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ ‘حکومتی وزرا کی سازش اور پروپیگنڈے’ کو زیادہ جگہ نہ دے، انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں میڈیا کے کیمروں میں بڑی طاقت ہے، اتنی طاقت ہے کہ جب عمران خان اسلام آباد میں خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے آپ اسے انقلاب کی طرح پیش کررہے تھے۔
ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت اور پیپلز پارٹی کی جیت پی ڈی ایم کی جیت ہے اس لیے ہم ایک ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کو گیس، بجلی بلز اور کھانے پینے کی اشیا کا بوجھ صرف اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کہ ہم پر ‘ناجائز، نااہل وزیراعظم’ مسلط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک کے عوام کے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے اور ظالم حکمران کو گھر بھیجیں گے جو ان مشکل حالات اور معاشی بحران میں 2 سال بعد کہتا ہے کہ کیا کریں اب بھی کہتا ہے کہ وہ زیر تربیت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر وزیراعظم کے پاس ہمارے عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے، اگر وزیراعظم، پیپلز پارٹی کی طرح عوام کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کرسکتا، بجلی، گیس کی قیمت کم نہیں کرسکتا، مہنگائی کا مقابلہ کرنے کا کوئی حل نہیں ہے تو اسے مستعفی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کو موقع دینا چاہیئیں کہ ایسے شخص کو منتخب کریں جس کے پاس عوامی مسئال کا حل ہو، ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان جیسے ملک کی شرح نمو بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی نیچے ہو جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح ان دونوں ممالک سے زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پاکستان کے عوام، معیشت کے لیے بہت سے مواقع ہیں مگر افسوس کے ساتھ ایسا نالائق شخص ہم پر مسلط کیا گیا ہے جس کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ٹھٹہ اور پاکستان کے عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں ہم مل کر کٹھ پتلی راج اور ہائبرڈ رجیم ہو ہٹائیں گے اور عوامی حکومت منتخب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button