فارورڈ بلاک کی بزدار سے ملاقات، تحفظات برقرار، کپتان کا مداخلت کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے ناراض اراکین پنجاب اسمبلی کے تحفظات دور کرنے میں ناکامی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے فارورڈ بلاک اراکین سے ملاقات کر کے ان کے مطالبات سننے کا فیصلہ کیا ہے.
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف فارورڈ بلاک کے اراکین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کے سامنے کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا. ناراض اراکین کا کہنا تھا کہ انھوں نے عوامی مفاد اور عزت کیلئے تحریک انساف کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا لیکن انھیں نہ تو ترقیاتی فنڈ دئیے جا رہے ہیں اور نہ ان کی پارٹی میں کوئی بات سنی جاتی ہے. جس کی وجہ سے انھوں نے احتجاجآ آواز بلند کی ہے. جس پر وزیر اعلیٰ نے انھیں تمام مطالبات پورے ہونے کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی لیکن ان کا کہنا تھا کہ ہم سے برسر اقتدار پر آنے کے وقت سے وعدے کئے جا رہے ہیں لیکن کسی ایک مطالبے پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا. ناراض اراکین کے تحفظات دور نہ ہونے پر وزیر اعظم نے مداخلت کرنے کا فیصلہ کیا ہے. ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 26 جنوری کو دورہ لاہور میں تحریک انصاف کے ناراض گروپ سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات خودسنیں گے، اس دوران تحریک انصاف کےناراض اراکین کےمعاملےپر بڑا بریک تھرو ہونے امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ناراض اراکین کی ملاقات سے پہلے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
دورے میں وزیر اعظم پنجاب کےاراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ پنجاب کی اتحادی سیاست پر بھی وزیر اعظم کی اہم ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیراعظم صوبائی کابینہ سے ملاقات اور امن وامان پر اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ صوبائی وزراکی کارکردگی پربھی وزیراعلیٰ بریفنگ دیں گے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تحریک انساف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین سے بھی ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں وسیم اکرم پلس نے پارٹی رہنماوں کو ہی چارج شیٹ کر دیا اور جہانگیر ترین کو کہا کہ انھیں باہر سے کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے بلکہ پارٹی کے اندر سے وہ مسائل کا شکا ہیں، عثمان بزدار نے وفاقی وزیر فواد چودھری سمیت مختلف پارٹی رہنماؤں کا نام لے کر کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن اس طرح میڈیا میں تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے.
تاہم ملاقات کے بعد جاری کئے گئے بیان میں حقائق کے برعکس وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے، افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ، اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں، اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور ڈیڑھ برس میں وہ کام کیے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں۔
خیال رہے گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبریں زیر گردش ہیں جبکہ تحریک انصاف میں بھی پریشر گروپ بن چکا ہے اور ساتھ ہی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) بھی ناراض ہے۔ ایسے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
